ڈرگ ٹسٹ کرانے میں تیار ہوں : کے ٹی آر

   

بصورت دیگر ایوان کو گمراہ کرنے پر ڈپٹی چیف منسٹر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائے
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے منشیات معاملے پر پارٹی کی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ روہت ریڈی کی غلطی کے باعث انہیں وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود بھی ڈرگ ٹسٹ کے لیے تیار ہیں اور سوال کیا کہ حکومت اس معاملے میں کیا کررہی ہے ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سابق وزیر ٹی جیون ریڈی کانگریس میں خوش نہیں ہے ۔ تاہم بی آر ایس نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے ۔ قائد اپوزیشن کے سی آر کی گورنر کے خطبہ میں شریک نہ ہونے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر کو معلوم ہے کب اور کہاں سامنے آنا ہے اس پر غیر ضروری بحث کی جارہی ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے بلا سودی قرضوں کے دعوؤں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر 57 ہزار کروڑ روپئے کے بلا سودی قرضوں کی رسید پیش کی جائے تو وہ استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہیں ۔ بصورت دیگر ایوان کو گمراہ کرنے کے معاملے میں ڈپٹی چیف منسٹر کو مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں واپس آنے کے بعد موسیٰ پراجکٹ اور سڑکوں کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانیوں کی تحقیقات کرائی جائے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ موسیٰ پراجکٹ کے معاملے میں ڈی پی آر پر حکومت کا موقف بار بار بدل رہا ہے اور عہدیدار وزراء سے زیادہ با اختیار نظر آرہے ہیں ۔ انہوں نے ڈی پی آر کو ایوان میں پیش کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ ورنہ اسے ایوان کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا جائے گا ۔۔ 2