ڈرگ کلچر ‘مرڈر کلچر ‘سود خوری کیخلاف تحریک میں شامل ہونا ہر شہری کی ذمہ داری

   

مسلم یونائیٹیڈ فیڈریشن کا آج اجلاس، علمائے کرام، مشائخ عظام و دانشوران ملت کی اپیل
حیدرآباد 13 ستمبر (راست) تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کے سلم علاقوں میں ڈرگ کی پھیلتی ہوئی وباء اور نوجوانوں کا اس میں مبتلا ہونے اور سودی لین دین کا کاروبار عروج پر ہے جس کی وجہ ہزاروں نوجوان اور بچے ڈرگ، گانجہ، افیون جیسی مہلک عادتوں کا شکار ہوکر اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں اور اسی طرح ناجائز ضرورتوں کی تکمیل کیلئے سود جیسی لعنت میں مبتلا ہوکر ہزاروں خاندان برباد ہورہے ہیں اور کئی لوگ سود خوروں کے ظلم کا شکار ہوکر خودکشی بھی کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کی بیروزگاری اور دین سے دوری اور والدین کی عدم توجہی کی بناء ہزاروں نوجوان نشہ جیسے ناسور کی عادت کا شکار ہورہے ہیں۔ سماج میں بڑھتی برائیوں کو کنٹرول کرنا صرف حکومت اور قانون کی ذمہ داری نہیں بلکہ نفاذ قانون کے اداروں کے ساتھ سماج کے باشعور ذمہ دار دینی ملی سماجی و سیاسی قائدین کے علاوہ علماء و مشائخ و دانشوران پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اس بڑھتے ناسور کے خلاف اقدامات کریں۔ اس تحریک کی ایک کڑی کے نام پر 14 ستمبر بروز جمعرات صبح 10 بجے تا 3 بجے دھرنا چوک اندرا پارک پر مسلم یونائیٹیڈ فیڈریشن کے زیراہتمام دینی، ملی، سماجی و سیاسی تنظیموں کے اشتراک کے علاوہ علماء کرام و مشائخ عظام کی سرپرستی میں شعور بیداری کل جماعتی اجلاس رکھا گیا ہے جس میں علماء کرام و مشائخ عظام و دانشوران ملت کے علاوہ دینی ملی سماجی و سیاسی تنظیموں کے قائدین شرکت کرکے ملک اور تلنگانہ اور شہر میں بڑھتی اس وباء کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کریں گے۔ شہر اور اضلاع کے باشعور مسلمانوں سے اپیل ہے کہ اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری صدر انجمن سیف الاسلام، مولانا ڈاکٹر سید وحیداللہ حسینی قادری ملتانی، مولانا سید علی پاشاہ قادری صدر انجمن قادریہ، مولانا سید کاشف پاشاہ چشتی بندہ نوازی، مولانا سید رضوان پاشاہ قادری لااُبالی مولانا سید لائق علی ملتانی سجادہ نشین درگاہ امام پورہ، ڈاکٹر سید آصف عمری جنرل سکریٹری جمعیت اہلحدیث، مولانا خالد مبشرالظفرامیر جماعت اسلامی پروفیسر کوڈنڈا رام، جناب علی مسقطی نائب صدر تلنگانہ تلگودیشم محمد علی شبیر، فیروز خان، راشد خان، عظمیٰ شاکر (کانگریس)، ڈاکٹر علیم خان فلکی ‘جناب مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان، جناب محمد شکیل احمد ایڈوکیٹ ڈاکٹر آر ایس پروین کمار صدر بہوجن سماج پارٹی نے مشترکہ بیان میں شہریان حیدرآباد و تلنگانہ کے عوام سے یہ اپیل کی ہے کہ 14 ستمبر کے اجلاس میں بلاکسی جماعتی وابستگی شرکت کریں۔