حیدرآباد ۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) ٹالی ووڈ ڈرگس کیس نے آج اس وقت نیا موڑ اختیار کرلیا جب محکمہ آبکاری انفورسمنٹ نے عدالت میں ایک ملزم کیلوین کے خلاف چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے ٹالی ووڈ سے وابستہ فلمی شخصیتوں کو کلین چٹ دے دی۔ چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ کلیدی ملزم کیلون نیتفتیشکے دوران بتایا تھا کہ اس نے فلم صنعت سے وابستہ کئی شخصیتوں کے علاوہ بڑی ہوٹلوں، طلبہ اور سافٹ ویر انجینئرس کو ڈرگس فروخت کی ہے۔ رنگاریڈی کورٹ میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں بتایا گیا کہ ڈرگس کیس کی تحقیقات کے لئے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم قائم کی گئی تھی اور کیلوین کے بیان کی بنیاد پر ٹالی ووڈ اور دیگر اہم شخصیتوں کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے انہیں پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا تھا۔ واضح طور پر عدالت کو بتایا گیاکہ تحقیقات کے دوران تلگو فلم کے مشہور ڈائرکٹر پوری جگناتھ، ترون اور دیگر اہم شخصیتوں کے ڈی این اے نمونے بھی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ فورنسک لیباریٹری کو معائنہ کے لئے روانہ کئے گئے تھے لیکن ڈرگس کے استعمال کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ کیلوین نے بتایا کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے دوران ڈرگس کا عادی ہوگیا تھا اور سال 2013 سے وہ ڈرگس کا استعمال کرتے ہوئے گوا اور دیگر مقامات سے منشیات حاصل کیا کرتا تھا۔ اتناہی نہیں واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعہ ڈرگس کا آرڈر حاصل کرتے ہوئے اسے فروخت کیا کرتا تھا۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیاکہ کیلوین کی تفتیش اور ڈرگس کیس کی تحقیقات میں اس کے صرف دو ساتھی نشچئے اور روی کرن کے خلاف ہی شواہد حاصل ہوسکے ہیں اور ملزم کے بیان میں موجود فلمی شخصیتوں اور دیگر کے خلاف کوئی شواہد موجود نہیں ہیں اور صرف اس کے بیان کے بنیاد پر ٹالی ووڈ شخصیتوں کو ملزمین کی فہرست میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔ بتایا جاتاہے کہ کیلوین نے تحقیقاتی ایجنسی کی توجہ ہٹانے کیلئے فلمی شخصیتوں کے نام لئے تھے ۔(B)