حسن آباد ۔3جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ٹاؤن کے وسط میں واقع امبیڈکر چوراہے پر سڑک کے درمیان میں واقع ڈرینج کے گڑھے میں حادثاتی طور پر گر کر 82سالہ بنڈاری رامواں نامی عمر رسیدہ خاتون متوطن موضع مڑدا منڈل حسن آباد شدید زخمی ہوکر کچھ دیر بعد اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکی جس کے سبب مقامی بلدی عملہ کی مبینہ غفلت و تساہلی آشکار ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق متوفیہ اپنے مکان سے ماہانہ وظیفہ لینے کی خآطر آج حسن آباد میں واقع اسٹیٹ بینک کو حسب معمول تنہا آئی تھی ، بس اتر کر بینک کو جانے کے دوران حادثاتی طور پر ڈرینج کے گڑھے میں گرگئی ۔ کافی دیر بعد راہ گیروں نے ڈرینج کے گڑھے سے آوازیں آنے پر دیکھا تو عمر رسیدہ خاتون زخمی حالت میں کرارہی تھی جس کو کافی تک و دو کے بعد باہر نکال کر دواخانہ منتقل کرنے کیلئے 108 کو طلب کیا گیا ۔ جس کے آنے میں ہوئی تاخیر میں وہ اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ حسن آباد پولیس اس ضمن میں کیس درج کرتے ہوئے مصروف تحقیقات ہے ۔
