واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ والٹر ریڈ ملٹری ہاسپٹل میں 4 روز گزارنے کے بعد منگل کے روز وائٹ ہاؤس واپس لوٹ آئے۔ البتہ وہ کوویڈ 19 وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ابھی تک مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے ہیں۔واپسی کے فورا بعد ٹرمپ نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ہم وطنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ “باہر نکلیں” مگر “محتاط اور خبردار” رہتے ہوئے۔ یہ پیغام ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا۔ اگرچہ اب تک 2.10 لاکھ امریکی شہری کورونا کے سبب موت کا شکار ہو چکے ہیں تاہم امریکی صدر کا کہنا ہے کہ “آپ لوگ اس سے خوف نہ کھائیں ، آپ اسے شکست دیں گے … آپ لوگ اس وائرس کو اپنی زندگیوں پر غالب نہ ہونے دیں ، باہر نکلیں اور احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں”۔ٹرمپ کے مطابق انہوں نے وائرس کے خلاف “مدافعت” حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب وہ کافی بہتر ہیں۔امریکی صدر نے عوام سے کہا کہ “جب میں وائرس سے متاثر ہوا تو میں اس کا مقابلہ کرنے میں فرنٹ لائن پر تھا۔ آپ لوگوں کے قائد ہونے کی حیثیت سے مجھ پر لازم تھا کہ میں قیادت سنبھالے رکھوں اور میں نے ایسا ہی کیا۔ مجھے معلوم تھا کہ یہ خطر ناک ہے مگر کوئی بات نہیں”۔ٹرمپ کے مطابق “ہمارے پاس دنیا میں بہترین دوائیں موجود ہیں۔ ہر چیز بہت تیزی سے ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے ویکسینز بھی ہر دم منظوری کے واسطے آ رہی ہیں”۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے جمعہ کے روز اپنے اور اپنی اہلیہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے چند گھنٹے قبل امریکی صدر نے اپنی مشیر ہوپ ہیکس کے اس وبائی مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔ایسا لگتا ہے کہ امریکی صدر کو یہ وائرس ان کی خاتون مشیر ہوپ ہیکس کے ذریعے منتقل ہوا جو گذشتہ منگل اور چہارشنبہ کے روز کلیف لینڈ کے سفر میں ٹرمپ کے ساتھ ان کے طیارے میں سوار تھیں۔
