ڈر نہیں دہشت ہوں،سالگرہ پر کنگ کا ٹیزرریلیز

   

ممبئی، 2 نومبر (آئی اے این ایس) بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم کِنگ‘ کا ٹیزر اتوار کے روز ان کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر منظرِ عام پر آیا۔ ویڈیو کی شروعات ایک جزیرے کے فضائی منظر سے ہوتی ہے۔ ویڈیو کے زیادہ تر حصے میں شاہ رخ خان کی آواز پسِ منظر میں سنائی دیتی ہے جو ایکشن مناظر کے ساتھ بالکل ہم آہنگ ہے، یہاں تک کہ آخر میں ان کے کردارکا چہرہ نمایاں ہوتا ہے۔ اس آواز سے ان کے کردار کی شخصیت واضح ہوتی ہے ایک بے رحم سپاہی جس نے اتنے لوگوں کو مارا ہے کہ اب وہ یہ بھی یاد نہیں رکھتا کہ وہ اچھے تھے یا برے۔ ویڈیو ایکشن اور تشدد کے امتزاج سے بھرپور ہے، جس میں اسٹائلش شاٹس شامل ہیں۔ جب شاہ رخ خان پہلی بار سفید رنگ کے مختصر بالوں کے ساتھ نظر آتے ہیں تو منظر بجلی بن کر دلوں کو چھو جاتا ہے۔ دنیا بھر میں کنگ خان کے نام سے مشہور اداکار کو اس مرکزی رول میں ایک بے رحمانہ شدت کے ساتھ دکھایا گیا ہے ایک ایسا شخص جس کا نام صرف خوف ہی نہیں، بلکہ دہشت کی علامت بن گیا ہے۔ ویڈیو میں ان کا ڈائیلاگ100 دیشوں میں بدنام، دنیا نے دیا صرف ایک ہی نام… ’کِنگ ،اس کردار کو مزید یادگار بنا دیتا ہے۔ ویڈیو کے ایک علامتی منظر میں شاہ رخ خان ‘‘کنگ آف ہارٹس کے تاش کے کارڈ کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہیں، جو ان کے لقب کنگ آف ہارٹس‘‘ (دلوں کے بادشاہ) کی طرف اشارہ کرتا ہے جو وہ حقیقی زندگی میں بھی ہیں۔ یہ فلم شاہ رخ خان اور ہدایت کار سدھارتھ آنند کے درمیان دوسری بڑی پیشکش ہے، جو ان کی سوپرہٹ فلم ’پٹھان‘ کے بعد سامنے آرہی ہے۔ ’کِنگ‘ ایک تیز رفتار ایکشن انٹرٹینر ہے جو اسٹائل، کرشمہ اور سنسنی کو نئی بلندیوں تک لے جانے والی ہے۔ اس چھوٹے سے ٹیزر میں شاہ رخ خان کے کئی دمدار مکالمے ہیں جس میں ایک مکالمہ ’’ ڈر نہیں دہشست ہوں کافی شاندار لگ رہا ہے۔فلم کو ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور مارفلیکس پکچرز نے پروڈیوس کیا ہے، اور یہ 2026 میں ریلیز کے لیے تیار ہے۔دوسری جانب، شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں جشن کا سماں ہے۔ نیک تمناؤں اور مبارکباد کے پیغامات سے سوشل میڈیا بھرا پڑا ہے ۔