ڈسمبر تک تمام شہریوںکی ٹیکہ اندازی مکمل ہوجائے گا

   

مرکزی وزیر کشن ریڈی کا دعویٰ، ریاستوں کو ہر ممکن مدد
حیدرآباد: مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ ڈسمبر تک ریاست میں تمام شہریوں کو ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ٹیکہ اندازی کے معاملہ میں ریاستوں سے تعاون کر رہی ہے۔ کشن ریڈی نے مرکز کی مختلف اسکیمات کے استفادہ کنندگان میں دستاویزات جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اشیائے ضروریہ کی بلیک مارکیٹنگ کے ذریعہ قیمتوں میں اضافہ کے خلاف حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کووڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کے ذریعہ خود کو وائرس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ کورونا سے پریشان حال افراد کی مدد کیلئے غیر سرکاری تنظیموں کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں این جی اوز کو حکومت کے اشتراک سے غریبوں کی مدد کیلئے آگے آنا چاہئے ۔ غذا سے محروم افراد پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا یا پھر طبعی موت کے علاوہ حادثہ میں موت کی صورت میں وزیراعظم بیمہ یوجنا کے مستحق ہوں گے ۔ اس اسکیم میں شامل افراد کو انشورنس کی رقم حاصل ہوسکتی ہے۔ مرکزی حکومت نے کورونا سے فوت ہونے والے افراد کیلئے بھی پرائم منسٹر انشورنس اسکیم کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا پر قابو پانے کیلئے مرکزی حکومت ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے ۔