وزیر بلدی نظم نسق کے ٹی آرکا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج اعلان کیا کہ تلنگانہ حکومت ڈسمبر تک ڈبل بیڈ روم اسکیم کے استفادہ کنندگان کو زائد از 85000 مکانات فراہم کرے گی۔ کے ٹی راما راؤ نے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ آج ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور استفادہ کنندگان کو قطعیت دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت ریاست کے غریب عوام کے خوابوں کو پورا کرتے ہوئے ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملک کے کسی بھی دوسرے شہر کے مقابل حیدرآباد میں اس اسکیم پر بڑے پیمانے پر عمل کیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ اس اسکیم پر 9700 کروڑروپئے کے مصارف سے غریبوں کو یہ مکانات فراہم کئے جارہے ہیں۔کے ٹی آر نے کہا کہ ڈسمبر تک ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کی تیاری کی جارہی ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے بتایا کہ مکانات کی تقسیم سے متعلق رہنمایانہ خطوط آئندہ چند دنوں میں جاری کئے جائیں گے اور استفادہ کنندگان کی فہرست کو بھی قطعیت دی جائیگی۔ اس طرح تلنگانہ میں غریب افراد عزت نفس کے ساتھ بہتر زندگی گذار سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ یہ مکانات تمام سہولتوں سے لیس ہوں گے۔