ماویسٹوں کے کمزور ہونے سے عوام کا نقصان، ٹی آر ایس میں عنقریب بغاوت، ڈی جی پی کے فون کی ٹیاپنگ
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ڈسمبر 2022 تک تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار رہے گا۔ انہوں نے پیش قیاسی کی ہے کہ گجرات اسمبلی کے ساتھ تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات ہوں گے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ گزشتہ کی طرح اس مرتبہ بھی مقررہ مدت سے قبل انتخابات کا اعلان کرسکتے ہیں۔ کریم نگر میں میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو آئندہ انتخابات میں اپنی شکست کا یقین ہوچکا ہے لہذا وہ وسط مدتی انتخابات کے ذریعہ اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کی ناکام کوشش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی اور کئی وعدوں سے انحراف کے سبب رائے دہندوں میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اپنا اقتدار بچانے کیلئے اپنے سیاسی گاڈ فادر نریندر مودی اور امیت شاہ کے مشورہ پر گجرات اسمبلی کے ساتھ تلنگانہ کے انتخابات کرائے جائیں گے۔ انہوں نے دلت بندھو اسکیم کیلئے 2 لاکھ کروڑ روپئے فراہمی کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کی اور کہا کہ ریاست کا بجٹ 2 لاکھ کروڑ نہیں ہے پھر ایک اسکیم کیلئے اس قدر رقم کا انتظام کہاں سے اور کس طرح ممکن ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دلت بندھو کا حشر بھی کسانوں کے قرضوں کی معافی اور رعیتو بندھو اسکیم کی طرح ہوگا جن پر آج تک عمل نہیں کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ماویسٹوں کے کمزور ہونے سے عوام کو نقصان ہوا ہے اگر ماویسٹ مضبوط ہوتے تو حکومت کی جانب سے عوام کی بھلائی کے کچھ نہ کچھ کام انجام پاتے لیکن آج صورتحال مختلف ہوچکی ہے۔ کانگریس پارٹی اگرچہ نکسلزم کی تائید نہیں کرتی لیکن موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ احساس ہونے لگا ہے کہ ماویسٹوں کا تلنگانہ میں کمزور ہونا عوام کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد ضمنی چناؤ کے بعد ٹی آر ایس میں بغاوت یقینی ہے۔ چیف منسٹر اور ان کے افراد خاندان کے غلبہ سے عوامی نمائندے اور پارٹی قائدین سخت ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ کی سرگرمیاں کے سی آر کے حق میں قاسم رضوی کی طرح ہیں لیکن وہ بھی اپنے ماما کو زوال سے نہیں بچا پائیں گے۔ کانگریس امیدوار بی وینکٹ کو غیر مقامی قرار دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر گجویل، کے ٹی آر سرسلہ اور ہریش راؤ سدی پیٹ کیلئے مقامی نہیں ہیں باوجود اس کے وہ ان حلقوں سے منتخب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گانجہ، ڈرگس اور دیگر منشیات کا کاروبار عروج پر ہے اور برسر اقتدار پارٹی ان سرگرمیوں کی سرپرستی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں رائے دہندوں کو دھمکاکر ووٹ حاصل کرنے کی ہریش راؤ کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر، ہریش راؤ اور کے ٹی آر کے درمیان تجارتی فوائد کی تقسیم پر سخت تنازعہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کو ڈائرکٹر جنرل پولیس پر بھروسہ نہیں ہے اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کا فون ٹیاپ کیا جارہا ہے۔ نرسنگ راؤ کے ذریعہ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور وینو گوپال راؤ کے ذریعہ مجھ پر نگاہ رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار پروین کمار کی سرگرمیوں سے خوفزدہ ہے اور ان کی نگرانی کیلئے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مخصوص طبقہ سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ پولیس عہدیداروں کی خدمات حاصل کی گئیں اور ایک سینئر عہدیدار کو اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے آندھرا پردیش سے ڈیپوٹیشن پرحاصل کیا گیا۔ر
حضورآباد میں ریونت ریڈی کی گاڑی کی تلاشی
حیدرآباد/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد میں کانگریس کی انتخابی مہم میں مصروف صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی گاڑی کو پولیس نے روک لیا اور تلاشی لی۔ انتخابی مہم کے دوسرے دن ریونت ریڈی کریم نگر میں شب بسری کے بعد حضورآباد روانہ ہوئے۔ حضورآباد میں داخلہ کے بعد پولیس نے ان کی گاڑی روک لی اور مکمل تلاشی لی۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران پولیس عہدیداروں کی ٹیم موجود تھی اور تلاشی کی مکمل فلمبندی کی گئی۔ ریونت ریڈی نے پولیس عہدیداروں کو اپنی نشست کے سامنے موجود باکس بھی کھول کر دکھایا۔ ریونت ریڈی کے ساتھ موجود کانگریس کارکنوں نے بھی تلاشی مہم کی فلمبندی کی تاکہ بعد میں کسی بھی چیز کی ضبطی کا الزام عائد نہ کیا جاسکے۔ حضورآباد میں پولیس کی جانب سے جگہ جگہ گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے تاکہ دولت، شراب اور دیگر اشیاء کی منتقلی کو روکا جاسکے۔ر