محبوب نگر ۔ 7 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے میں اس پر پورا اترنے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گی۔ ان عزائم کا اظہار ڈسٹرکٹ بی سی ڈیولپمنٹ آفیسر محبوب نگر آر اندرا نے کیا۔ وہ جمعرات کے دن ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محبوب نگر کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد مخاطب تھیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹر وجیندرا بوئی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تیسرا موقع ہے جو مجھے عہدہ دیا گیا ہے۔ اردو آفیسر و کارگذار ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر ڈاکٹر منیر آفاق نے آر اندرا کا استقبال کیا اور ملازمین کا ان سے تعارف کروایا۔ ڈاکٹر منیر آفاق نے کہا کہ گزشتہ 14 ماہ سے شنکر آچاریہ نے ڈسٹرکٹ آفیسر کی حیثیت سے بحسن و خوبی خدمات انجام دیں اور وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوئے۔ انہوں نے قوی توقع ظاہر کی کہ جائزہ حاصل کرنے والی اندرا محنتی اور اقلیت دوست آفیسر ہیں۔ ان کی صدارت میں محکمہ اقلیتی بہبود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ اس موقع پر آفس عملہ نے آر اندرا کو تہنیت پیش کی۔
