ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے عمارت گرنے کی رپورٹ طلب

   

نئی دہلی 12جولائی (یو این آئی) وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے شمال مشرقی دہلی میں چار منزلہ عمارت گرنے کے حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے ۔ریکھا گپتا نے سوشل میڈیا پر کہا، “سیلم پور میں عمارت گرنے کے افسوسناک حادثے کی خبر ملی ہے ۔ موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق، چار لوگوں کو بچا کر طبی امداد کے لیے نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا ہے ۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ اس حادثے میں دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ کابینہ وزیر مسٹر کپل مشرا جی اعلیٰ حکام کے ساتھ جائے وقوعہ کا دورہ کر رہے ہیں اور حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ضلع مجسٹریٹ سے اس واقعے کی رپورٹ دینے کو کہا گیا ہے ۔ دہلی پولس، دہلی فائر سروس، این ڈی آر ایف اور دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعہ راحت رسانی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ مرنے والوں کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت ہے ۔واضح رہے کہ شمال مشرقی ضلع کے ویلکم علاقے میں آج چار منزلہ عمارت گرنے سے دو لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ آٹھ زخمی لوگوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔