ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کو وقف بورڈ کی اضافی ذمہ داری

   

حیدرآباد۔/11 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر کی عدم موجودگی کے سبب پیدا شدہ بحران کے خاتمہ کیلئے حکومت نے عارضی طور پر متبادل انتظام کیا ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا نے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد محمد قاسم کو انچارج سی ای او کی حیثیت سے مقرر کیا ہے۔ واضح رہے کہ 16 ڈسمبر کو عبدالحمید کی جانب سے طویل رخصت حاصل کئے جانے کے بعد سے چیف ایکزیکیٹو آفیسر کا عہدہ خالی ہے۔ حکومت نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) کو عہدہ کی زائد ذمہ داری دیتے ہوئے 28 ڈسمبر کو احکامات جاری کئے تھے لیکن انہوں نے ذمہ داری سنبھالنے سے گریز کیا جس کے نتیجہ میں وقف بورڈ کا بحران مزید شدت اختیار کرگیا۔ روز مرہ کے کاموں کی تکمیل میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے حکومت نے انچارج کے طور پر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کو مقرر کیا ہے۔ محمد قاسم نے آج صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے ملاقات کی اور وقف بورڈ کی کارکردگی پر بات چیت کی۔ اس موقع پر وقف بورڈ کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ محمد قاسم پیر کو عہدہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے انہیں عدالتوں میں زیر دوران مقدمات اور ناجائز قبضوں کی برخواستگی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔