حیدرآباد۔ کانگریس میں ڈسپلن شکنی میں اضافہ کے پیش نظر تادیبی کارروائی کمیٹی کی جانب سے قائدین اور کارکنوں کو انتباہ دیا گیا ہے۔ پارٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی کے صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ عرصہ میں بعض سینئر قائدین کے خلاف بیان بازی اور فون پر دھمکیاں دیئے جانے کے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے کہا کہ ڈسپلن شکنی اور سوشیل میڈیا میں سینئر قائدین کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ایسے تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ کمیٹی نے کہا کہ پارٹی میں داخلی جمہوریت کا احترام کیا گیا لیکن اپنی رائے پارٹی فورم میں پیش کی جانی چاہیئے۔ بعض قائدین مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہوکر پارٹی کی امیج متاثر کررہے ہیں۔ کمیٹی نے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے سلسلہ میں تادیبی کارروائی کمیٹی سے شکایت کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں سابق ایم پی ہنمنت راؤ کو فون پر دھمکیاں اور گالی گلوج کی گئی تھی جس کی کئی قائدین نے مذمت کی ہے۔