سری نگر: شہرہ آفاق جھیل ڈل میں اگرچہ سیاحوں کے آرام و قیام کے لئے نوع بہ نوع ہاؤس بوٹ دیکھے جاسکتے ہیں لیکن جھیل کی تاریخ میں پہلی بار مریضوں کو ہسپتال پہنچانے کے لئے عنقریب ایک ایمبولینس بوٹ بھی اپنا آپریشن شروع کرنے والی ہے ۔اس ایمبولینس بوٹ میں تمام تر طبی سہولیات بہم ہوں گی اور یہ ٹول فری کال پر جھیل ڈل میں رہائش پذیر لوگوں کے لئے ہی نہیں بلکہ سیاحوں کیلئے بھی چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گی۔بوٹ کے مالک طارق احمد پتلو نے یہ اقدام کرنے کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ خود کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد میں نے یہ محسوس کیا کہ جھیل ڈل میں ایک ایمبولینس بوٹ کا ہونا ضروری ہے ۔