کوپن ہیگن : ڈنمارک میں مواخذے کی ایک عدالت نے امیگریشن کی سابق وزیرانگراسٹوڑبرگ کو پیر کے روز ملک میں سیاسی پناہ کی تلاش میں آنے والے کم عمر جوڑوں کو جدا کرنے کے جرم میں قصور وار قرار دیا ہے اور انھیں یہ غیرقانونی حکم دینے پر 60 دن قید کی سزا سنائی ہے۔اسٹوڑبرگ پرالزام عائد کیا گیا تھا کہ انھوں نے جان بوجھ کر پناہ کی تلاش میں سرگرداں کم عمرشادی شدہ جوڑوں کو الگ کرنے کا حکم دیا تھا۔اس طرح انھوں نے قانون توڑا تھا اور ان کا یہ اقدام یورپی کنونشن برائے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی تھا۔الگ کیے جانے والے ان جوڑوں میں ایک کی عمر18 سال سے کم تھی۔ڈینش اورانسانی حقوق کے قانون کے تحت ان جوڑوں کے کیسوں کا انفرادی سطح پرجائزہ لیا جانا چاہیے تھا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ وزیرکا تمام کم عمر جوڑوں کو علاحدہ کرنے کا حکم غیرقانونی تھا۔ان کے حکم کے تحت کل 23 جوڑے الگ ہوئے تھے۔