کوپن ہیگن۔ 25 اگست (ایجنسیز) اتوار کو ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں 10 ہزار سے زائد افراد نے فلسطین کے حق میں ہونے والے ایک مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے غزہ میں جنگ کے خاتمہ اور ڈنمارک کی جانب سے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس مارچ میں آکسفیم، گرین پیس اور ایمنسٹی سمیت انسانی حقوق کی سو سے زائد تنظیموں، مزدور یونینز، سیاسی جماعتوں، فنکاروں کے گروپوں اور ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ نے بھی حصہ لیا۔ مظاہرین نے ’’اسلحہ کی فروخت بند کرو‘‘، ’’آزاد فلسطین‘‘اور ’’ڈنمارک کا مطالبہ نسل کشی بند کرو‘‘ جیسے نعرے لگائے۔ ڈنمارک، جو روایتی طور پر اسرائیل کا حامی سمجھا جاتا ہے، نے کہا ہے کہ وہ یورپی یونین کی موجودہ صدارت کے دوران اسرائیلی حکومت پر دباؤ بڑھائے گا تاکہ جنگ ختم ہو لیکن فی الحال فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔