ڈنمارک کا سفارتی عملہ بغداد سے روانہ

   

بغداد : عراق نے ڈنمارک میں اپنے سفارت خانے کے سامنے قرآن مجید کی بار بار بے حرمتی کے واقعات کی مذمت کی ہے جبکہ کوپن ہیگن میں انتہائی دائیں بازو کے گروپ ڈانسکے پیٹریاٹر نے ایک مرتبہ پھر قرآن مجید کی توہین کا مظاہرہ کیا ہے۔دائیں بازو کے انتہاپسند گروپ نے پیر کے روز ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے۔اس میں ایک شخص مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کررہا ہے، وہ اسے جلاتا اور عراقی پرچم کو کچلتا ہوا نظر آتا ہے۔سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں جمعہ اور حالیہ ہفتوں میں ہونے والے اسی طرح کے واقعات کے بعد یہ تازہ ترین ویڈیو سامنے آئی ہے۔عراق کی وزارت خارجہ نے ڈنمارک میں عراقی سفارت خانہ کے سامنے قرآن مجید کے نسخے کو نذرآتش کرنے کی ایک بار پھر مذمت کی ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات ’’انتہا پسندی اور نفرت کے وائرس‘‘ کو’’معاشروں کے پرامن بقائے باہمی کیلئے حقیقی خطرہ” بننے کی اجازت دیتے ہیں۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان احمدالصحاف نے کہا ہے کہ ڈنمارک کے سفارت خانہ کا عملہ ہفتہ کے روز عراق سے روانہ ہو چکا ہے۔کوپن ہیگن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے پہلے واقعہ کے بعد عراق کے بااثر شیعہ عالم مقتدیٰ الصدر کی اپیل پر ہفتے کے روز بغداد میں قریباً ایک ہزار مظاہرین جمع ہوئے تھے۔انھوں نے بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے گرین زون میں واقع ڈنمارک کے سفارت خانے کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی فورسز نے علاقے میں دو پلوں کو بند کر دیا اور مظاہرین کو آنسو گیس اور لاٹھیوں سے پسپا کر دیا۔