ڈنمارک کی کھلاڑی کی اندرا گاندھی اسٹیڈیم پر تنقید

   

نئی دہلی: ڈنمارک کی میا بلچ فیلڈ نے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم کے حالات پر تنقید کی ہے، جو انڈیا اوپن سوپر 750 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے، اور ساتھ ہی قومی دارالحکومت کی آلودگی کی سطح کو صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ بلچ فیلڈ کو پیٹ میں انفیکشن تھا۔ انہیں دوسرے راؤنڈ میں چین کی وانگ ژی یی نے 21-13، 16-21، 8-21 سے شکست دی۔ بلچ فیلڈ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ آخر کار ہندوستان میں ایک طویل اور دباؤ والے ہفتے کے بعد گھر پہنچ گئی ہوں۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب میں انڈیا اوپن کے دوران بیمار ہوئی۔ بلچ فیلڈ نے کہا کہ یہ قبول کرنا واقعی مشکل ہے کہ کئی ہفتوں کی محنت اور تیاری خراب حالات کی وجہ سے ضائع ہو جاتی ہے۔ یہ کسی کیلئے بھی مناسب نہیں ہے کہ ہمیں دھند کے درمیان مشق کرنا اور کھیلنا پڑا۔ بیڈمنٹن کورٹ میں پرندوں کی طرف سے پھیلائی گئی گندگی، اور پوری طرح کی گندگی۔ اس ڈنمارک کی کھلاڑی نے بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے حالات صحت کیلئے نقصان دہ اور ناقابل قبول ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں پہلے راؤنڈ میں جیتنے میں کامیاب ہوئی اور میں نے دوسرے راؤنڈ میں اچھا کھیلی لیکن میں اس قسم کی صورتحال سے مطمئن نہیں ہوں۔