کوپین ہیگن، 14 اکتوبر (یو این آئی) ڈنمارک کے 19 سالہ ولی عہد شہزادہ کرسچن نے F-16لڑاکا طیارہ اڑا کر اپنے بچپن کا خواب پورا کرلیا۔ ڈنمارک کے شاہی خاندان کے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شہزادے کی چند تصاویر شیئر کی گئیں، جس میں وہ F-16کے اندر اور باہر خوشی سے مسکراتے دکھائی دے رہے ہیں۔ شہزادہ کرسچن نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج ایک لڑکے کا خواب سچ ہوگیا، مجھے F-16کے آخری تربیتی پروازوں میں سے ایک میں شامل ہونے کا موقع ملا اور واقعی یہ ایک حیران کن تجربہ تھا۔’ شہزادے نے اپنے پیغام میں ڈنمارک کی فضائیہ کے پائلٹس کیلئے عزت و احترام کا اظہار بھی کیا اور کہا، ‘جلد ہی نئے F-35 طیارے سرویس سنبھال لیں گے۔
اور میں شکر گزار ہوں کہ مجھے یہ موقع ملا، میں پہلے بھی ہمارے پائلٹس کی بہت عزت کرتا تھا، لیکن آج کے بعد یہ احترام اور بڑھ گیا ہے ۔ تصاویر میں ایک موقع پر ان کے والد، بادشاہ فریڈرک دہم بھی نظر آئے ، جو اپنے بیٹے کی حوصلہ افزائی کے لیے سکریڈسٹرپ ایئربیس پر موجود تھے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہی محل نے اس پرواز کا اعلان پہلے سے نہیں کیا تھا بلکہ بعد میں اپنے سرکاری کیلنڈر میں شامل کیا، جس کے مطابق شہزادہ کرسچن نے دوپہر 3 بجے تربیتی پرواز میں حصہ لیا۔