ڈنڈیگل میں پولیس کی موجودگی میں ایک شخص پر قاتلہ حملہ

   

حیدرآباد 18 جون ( سیاست نیوز) نواحی علاقہ ڈنڈیگل میں پولیس کی موجودگی میں قاتلہ حملہ میں ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب جاوید نامی شخص پر اس کے رشتہ کے بھائیوں محبوب ‘ مجاہد و دیگر نے حملہ کردیا ۔ اس وقت جاوید لہو لہان ہوگیا تاہم وہاں پولیس کے جوان موجود رہنے کے باوجود انہوں نے حملہ آوروں کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی اور دور سے ہی آواز بلند کر رہے تھے ۔ وہاں موجود عوام نے پولیس کی موجودگی میں حملہ آوروں کو نہیں روکا اور سیل فون سے سارے واقعہ کی فلم بندی کی ۔ اس واقعہ سے سائبر آباد پولیس کی چوکسی اور اس کی بہادری پرسوال پیدا ہوگئے ہیں۔ ایک شخص پر دن دہاڑے اور لب سڑک پولیس کی موجودگی میں حملہ کیا جاتا ہے لیکن پولیس حملہ کو ناکام بنانے کی بجائے خود کے بچاو کی زیادہ فکر کرتی رہ گئی ۔ حملہ میں جاوید شدید زخمی ہوگیا ۔ اس کی آنکھوں میں مرچ پاوڈر چھڑک کر حملہ کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔ پولیس ڈنڈیگل نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔