ابراہیم پٹن تالاب کا معائنہ ، ایم کوڈنڈا ریڈی کسان کانگریس قومی نائب صدر کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست میں منعقدہ انتخابات کے موقعہ پر صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے تیقن اور وعدوں کے مطابق ڈنڈی پراجکٹ کے لیے تالابوں کو کرشنا کے پانی سے پر کرنے کا قومی نائب صدر کسان کانگریس ایم کوڈنڈا ریڈی نے مطالبہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے اقتدار کے چھ سال گزرنے کے باوجود آج تک ڈنڈی پراجکٹ کے تعمیری کاموں میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ ریڈی نے حکومت کی سست روی پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ حکومت کو ابھی اچھا موقعہ ہے کہ وعدوں اور تیقنات کو پورا کرنے کے اقدامات کا آغاز کرے ۔ کودنڈا ریڈی جنہوں نے اپنے بعض سینئیر کانگریس رفقاء کے ساتھ گذشتہ دن ابراہیم پٹن تالاب کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ تاحال ہی ڈنڈی پراجکٹ شیوناگوڑہ کے ذریعہ اس علاقہ کو پانی لانے کے لیے انجینئرنگ اسٹاف کالج آف انڈیا کی ایک ٹیم نے باقاعدہ سروے کر کے حکومت کو اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کرچکی ہے اور اس رپورٹ کی بنیاد پر فی الفور ڈی پی آر مرتب کر کے اور اس پراجکٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ رقومات منظور کر کے عملی اقدامات کا آغاز کرنے کا مطالبہ کیا ۔ قومی نائب صدر کسان کانگریس نے تلنگانہ حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ مشن کاکتیہ کے نام پر تالابوں سے مٹی نکالنے کے اقدامات کئے گئے لیکن ان اقدامات کے ذریعہ بھی تالابوں میں پانی کا زائد ذخیرہ نہیں کیا جاسکا ۔ لہذا کرشنا گوداوری کے ذریعہ پانی لاکر ریاست کے تمام تالابوں میں پانی کے زائد ذخیرہ کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے عاجلانہ اقدامات کرنے کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پر زور مطالبہ کیا ۔ کوڈنڈا ریڈی قومی نائب کسان کانگریس کے ہمراہ صدر کسان کانگریس ایس انویش ریڈی و دیگر قائدین کانگریس پارٹی بھی موجود تھے ۔۔