ڈومیسٹک کرکٹ نے ایک لیجنڈ کھو دیا :گنگولی

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔بائیں ہاتھ کے اسپنر راجندر گوئل کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے ڈومیسٹک کرکٹ کا ایک تجربہ کار لیجنڈ کھو دیا ہے ۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں 750 وکٹیں حاصل کرنے والے راجندر گوئل کا اتوار کے روز روہتک میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ضعیف العمری سے متعلق بیماریوں کے سبب انتقال ہو گیا تھا ۔گنگولی نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے ڈومیسٹک کرکٹ کا ایک تجربہ کار کھلاڑی کھو دیا ہے ۔ راجندر گوئل کے غیرمعمولی ریکارڈ ان کے فن اور اس پر ان کے کنٹرول کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 25 سے زیادہ سال کھیلے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 750 وکٹیں لینے میں سالوں کی محنت کی ضرورت ہے اور میں ان کی اس عظیم کاوش کے لئے انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ میں ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا کہ راجندر گوئل ہندوستانی کرکٹ کے سچے خادم تھے ۔ وہ ملک کے موجودہ اور آنے والے اسپنرز کے لئے رول ماڈل تھے ۔ ان کا طویل عرصہ تک کھیل رہا ہے اور اپنی اعلی سطح کی کارکردگی آنے والے کرکٹرز کو میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دے گی۔ بی سی سی آئی نے انہیں سال 2017 میں کرنل سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔ میں اس غم کی گھڑی میں ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔خزانچی ارون دھومل نے کہا کہ راجندر گوئل جی ایک لیجنڈ تھے ۔ وہ سبکدوشی کے بعد بھی کھیلوں سے وابستہ رہے اور اکثر چھوٹے بچوں کو کھیل کھیلنے کی رہنمائی کرتے تھے ۔ وہ رانجی ٹرافی کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کے اہل خانہ اور رفقا سے میری گہری تعزیت۔بی سی سی آئی کے سابق صدر رنبیر سنگھ مہندر ، سابق ہندوستانی اسپنر اور کپتان بشن سنگھ بیدی اور موجودہ ہندوستانی کوچ روی شاستری نے بھی گوئل کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ گوئل ملک کے بائیں بازو کے بہترین اسپنرز میں سے ایک تھے لیکن وہ ایک ایسے وقت میں کرکٹ کھیل رہے تھے جب ہندوستانی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے اسپنر بشن سنگھ بیدی کا سکہ تھا۔
بیدی ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کی وجہ سے گوئل کبھی بھی ہندوستان کے لئے نہیں کھیلے ۔ بیدی نے بی سی سی آئی ایوارڈ تقریب میں گوئل کو تاحیات کامیابی کے اعزاز سے نوازا تھا۔20 ستمبر 1942 کو ہریانہ کے ناروانہ میں پیدا ہوئے گوئل اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں پٹیالہ ، ہریانہ ، جنوبی پنجاب ، دہلی اور شمالی زون کے لئے کھیلے اور انہوں نے 157 میچوں میں 18.58 کی اوسط سے 750 وکٹیں حاصل کیں۔ گوئل نے اننگز میں 59 وکٹیں لیں اور میچ میں 18 مرتبہ 10 وکٹیں لیں۔ رنجی ٹرافی میں 637 وکٹیں لینے کا ریکارڈ ان کے پاس ہے ۔انہوں نے 44 سال تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے 23 دسمبر 1958 کو پٹیالہ کی جانب سے کھیلتے ہوئے سروسز کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ ان کا آخری فرسٹ کلاس میچ 9 مارچ 1985 کو بمبئی کے خلاف ہریانہ کے لئے تھا۔گوئل بطور کھلاڑی رنجی ٹرافی نہیں جیت سکے لیکن وہ 1991 میں ہریانہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین تھے جب کپل دیو کی زیرقیادت ہریانہ ٹیم نے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بمبئی کو شکست دے کر رنجی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ گوئل نے کھیل سے دستبرداری کے بعد مرد اور خواتین کی کرکٹ میں میچ ریفری کا کردار ادا کیا۔