ڈومینک اور ڈینیل سخت جدوجہد کے بعد کامیاب

   

ملبورن ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز اور ممکنہ طور پر نئی نسل کے گرانڈ سلام چمپئن تصور کئے جانے والے ڈومینک تھم کو آسٹریلین اوپن کے دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں کامیابی کیلئے تین گھنٹے 22 منٹ سخت جدوجہد کرنی پڑی جہاں انہوں نے پانچ سیٹوں پر مشتمل مقابلہ میںکامیابی حاصل کی۔ الیکس بولڈ نے کامیابی کیلئے انہیں کافی محنت کرنے پر مجبور کیا۔ تاہم ڈومینک نے 6-2,5-7,6-7(5-7),6-1,6-2 کی کامیابی حاصل کی۔ ڈومینک جو دو مرتبہ فرنچ اوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کی ۔ انہیں 140 ویں مقام کے کھلاڑی کے خلاف کامیابی کیلئے کافی محنت کرنی پڑی۔ ایک اور مقابلہ میں نئی نسل کے ایک دوسرے اور متوقع چمپئن کھلاڑی روس کے ڈینیل میڈی ویڈو ناک سے خون بہنے کے مسئلہ پر قابو پاتے ہوئے دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں اسپین کے کوالیفائر کھلاڑی پیڈرو مارٹینس کو 7-5,6-1,6-3 سے شکست دی۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے ڈینیل نے کہا کہ یہ مقابلہ آسان نہیں تھا اور خاص کر کہ پہلا سیٹ تو کافی مشکل تھا لیکن میں خود کو کامیاب رکھنے کی کوشش میں آگے بڑھ سکا ۔ ناک سے خون بہنے کے مطابق ڈینیل نے کہا کہ یہ میرے سا تھ کبھی کبھی ہوتا ہے لیکن مقابلہ کے دوران ایسا ہونے سے مجھے پریشانی ہوئی۔