ڈونالڈ آرمن بلوم پاکستان کیلئے امریکہ کے نئے سفیر نامزد

   

واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈونالڈ آرمن بلوم کو پاکستان کے لیے سفیر نامزد کیا ہے۔منگل کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق اس وقت ڈونلڈ بلوم 2019 سے تیونس میں امریکہ کے سفیر ہیں اور وہ خطے میں سفارت کاری کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔پریس ریلیز کے مطابق ڈونالڈ بلوم کابل کے سفارت خانے میں قونصلر برائے سیاسی امور کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں جبکہ لیبیا میں بھی امریکہ کے ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیںاور وہ عربی بھی بول سکتے ہیں۔پریس ریلیز میں ان کے سابقہ تعیناتیوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ یروشلم میں امریکی قونصلر جنرل رہنے کے ساتھ ساتھ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں عرب ممالک کے حوالے سے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔