نیویارک : ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنالیا ہے۔یہ وہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ہے جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہد صدارت کے دوران پابندی لگانے کی کوشش کی تھی۔مگر اب امریکی صدارتی انتخابات سے چند ماہ قبل ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک کا رخ کیا ہے تاکہ اسے استعمال کرنے والے صارفین کی حمایت حاصل کر سکیں۔ٹرمپ نے یکم جون کو ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی۔اس ویڈیو میں ٹرمپ نیو جرسی میں ہونے والی الٹی میٹ فائٹنگ چیمپئن شپ کی ایک فائٹ میں موجود ہیں۔ڈونلد ٹرمپ کے اس اکاؤنٹ کو لاکھوں افراد نے فالو کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ اس وقت بنایا ہے جب صدر جو بائیڈن کی حکومت کی جانب سے اس پر پابندی لگانی کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس حوالے سے اپریل 2024 میں قانون کا نفاذ کیا گیا جس کے تحت چینی کمپنی بائیٹ ڈانس کو ٹک ٹاک کی امریکی شاخ جنوری 2025 تک فروخت کرنی ہوگی، ورنہ اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ٹک ٹاک کی جانب سے اس قانون کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے اور اس حوالے سے سماعت ستمبر 2024 میں متوقع ہے ۔