عہدیدار تواریخ کو قطعیت دینے میں مصروف
نئی دہلی 14 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور امریکہ کے عہدیدار امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے امکانی دورہ ہند کی تواریخ کو قطعیت دینے مذاکرات میں مصروف ہیں۔ حکومت کے ذرائع نے یہ بات کہی ۔ ہندوستان نے ٹرمپ کو یوم جمہوریہ پریڈ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کیلئے گذشتہ سال مدعو کیا تھا تاہم پروگرام طئے نہ ہونے کی وجہ سے وہ شرکت نہیں کرسکے تھے ۔ ذرائع نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عہدیداروں کی جانب سے دورہ کی تواریخ کو قطعیت دینے کوشش کی جا رہی ہے ۔ یہ اشارے دئے جا رہے ہیں کہ ٹرمپ آئندہ چند مہینوں میں ہندوستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔ دورہ کی تواریخ کو طئے کرنا بھی امریکہ کے سیاسی حالات پر منحصر ہوسکتا ہے جہاں ٹرمپ کے خلاف مواخذہ کی کارروائی چل رہی ہے ۔ گذشتہ سال اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر بھی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹرمپ کو دورہ ہند کی دعوت یاد دلائی تھی ۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر امریکہ کے عہدیداروں کو اس دورہ کی یاد دہانی کروائی تھی ۔