ڈونالڈ ٹرمپ کورونا وائرس کا ٹسٹ کروائیں گے ‘ میامی مئیر متاثرہونے کی توثیق

,

   

٭ کینیڈا میں پارلیمنٹ بند کردی گئی ۔ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیو نے خود کو الگ تھلگ کرلیا
٭ فلوریڈا میں سیاستدان ‘ برازیل کے متاثر عہدیدار سے ملاقات کے بعد تشویش کا شکار
٭ بین الاقوامی پروازوں پر بھی تحدیدات۔ کینیڈا میں بجٹ کی پیشکشی نہیں ہو پائے گی

واشنگٹن / میامی / ٹورنٹو 14 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دہشت کا سلسلہ جاری ہے اور بڑی تیزی سے اس سے نمٹنے یا اس پر قابو پانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلہ میں صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بہت ممکن ہے کہ وہ بھی کورونا وائرس کا ٹسٹ کروائیں ۔ یہ اشارہ ہے کہ ان میں بھی اس وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ نہیں کہتے کہ وہ ایسا ٹسٹ نہیں کروائیں گے ۔ ممکن ہے کہ وہ ایسا ٹسٹ کروالیں۔ اس دوران میامی شہر کے مئیر فرانسیس سواریز نے توثیق کی کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک برازیلی عہدیدار سے ملاقات کے بعد وہ اس سے متاثر ہوئے ہیں اور اب انہیں تنہائی میں رکھا گیا ہے ۔ اسی دوران کینیڈا میں بھی پارلیمنٹ کو بند کردیا گیا ہے اور وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیوکو بھی عوامی مقامات پر آنے سے روک دیا گیا ہے اور وہ گھر سے کام کر رہے ہیں جبکہ ان کی شریک حیات میں کورونا وائرس کی توثیق ہوچکی ہے ۔ ٹرمپ سے وائیٹ ہاوز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سوال کیا گیا تھا کہ وہ خود کیوں وائرس ٹسٹ سے نہیں گذرتے جبکہ گذشتہ ہفتے انہوں نے ایک برازیلی عہدیدار سے ملاقات کی تھی جن میں کورونا وائرس پایا گیا تھا ۔ ٹرمپ نے برازیل کے صدر جائر بولسونارو اور ان کے مواصلاتی سربراہ فیبیو وجگراٹن سے فلوریڈا میں ملاقات کی تھی ۔ اس ملاقات کے بعد فیبیو جگراٹن کے وائرس سے متاثر ہونے کی توثیق ہوئی تھی جبکہ برازیل کے صدر کے معائنے منفی رہے ہیں۔ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کسی اور وجہ سے نہیں بلکہ وہ اس کے معائنے کروائیں گے تاہم دو دن قبل ہی وائیٹ ہاوز نے کہا تھا کہ صدر امریکہ کو اس وائرس کے ٹسٹ کروانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ ٹرمپ نے کہا یہ معائنے بہت جلد کروائے جائیں گے ۔ ہم اس پر غور کر رہے ہیں اور ایک شیڈول تیار کیا جا رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ان میں اس وائرس کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی علامات نہیںہیں۔ ہماری برازیل کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے

وہ بہت اچھی شخصیت کے مالک ہیں۔ برازیل کیلئے وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔ ان میں کوئی وائرس نہیں ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ ابھی کوئی علامات نہیں ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ساتھ عشائیہ کیا تھا ۔ ساتھ بہت دیر تک بیٹھے رہے تھے ۔ اس دوران میامی شہر کے مئیر نے توثیق کی کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ مئیر فرانسس سواریز نے کہا کہ انہوں نے برازیل کے ایک عہدیدار سے ملاقات کی تھی جس کے بعد وہ بھی اس سے متاثر ہوگئے ہیں اور انہوں نے خود کو 14 دن کے خود معلنہ امتحانی وقت میں رکھا ہوا ہے ۔ فلوریڈا کے سیاستدانوں جیسے سینیٹر رک اسکاٹ نے برازیل صدر کے پریس سکریٹری سے رابطوں کے بعد تشویش کا اظہار کیا تھا کیونکہ پریس سکریٹری کو کورونا وائرس کی توثیق ہوچکی ہے ۔ تازہ اطلاعات کے مطابق فلوریڈا اسٹیٹ ہی میں اس وائرس سے متاثرین کی تعداد 45 ہوگئی ہے جہاں متاثرین کی عمریں 25 سے 83 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ بیشتر افراد میں اس وائرس کی علامات نسبتا کمزور پائی گئی ہیں اور کوئی شدت سے اثر والے مریض سامنے نہیں آئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ بیشتر مریض چند دنوں ہی میں اس سے صحتیاب بھی ہو رہے ہیں۔ معمر افراد میں تاہم اس کی وجہ سے نمونیا اور دوسرے امراض پیدا ہونے کے اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ فلوریڈا میں بیشتر عوامی پروگرامس کو بند کیا گیا ہے اور لوگ ایک دوسر ے سے دوریاں بنائے ہوئے ہیں۔ یہاں سفر کرنے سے بھی لوگ گریز کر رہے ہیں۔ اس دوران کینیڈا سے ملی اطلاعات کے بموجب وہاں پارلیمنٹ کو بند کردیا گیا ہے اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ملک کے باہر غیر ضروری سفر سے گریز بھی کریں۔ یہاں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیو کو تنہائی میں رکھ دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھر سے کام کر رہے ہیں۔ ٹروڈیو نے خود ہی اپنے آپ کو گھر تک محدود کرلیا ہے کیونکہ ان کی شریک حیات کورونا وائرس سے متاثر پائی گئی ہیں۔ چیف پبلک ہیلت آفیسر ڈاکٹر تھریسا ٹام نے بھی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں ‘ مصافحہ نہ کیا جائے اور بوسہ نہ لیا جائے ۔ حکومت کینیڈا نے مشورہ دیا ہے کہ عوام کے کثیر اجتماعات والے کنسرٹس کو منسوخ کردیا جائے ۔

وزیر ٹرانسپورٹ مارک گارنیو نے کہا کہ تفریحی آبی جہاز بھی یکم جولائی تک بند کردئے جائیں گے جن پر 500 سے زائد افراد کا اجتماع ہوتا ہو۔ ملک کے مختلف ائرپورٹس پر کینیڈا واپس ہونے والے بیرونی پروازوں کی تعداد کو بھی گھٹادیا جائیگا ۔ کینیڈا کے ہاوز آف کامنس نے پارلیمنٹ کو کم از کم پانچ ہفتوں کیلئے بند کرنے سے اتفاق کرلیا ہے تاکہ قانون سازوں کے ذریعہ یہ وائرس مزید پھیلنے نہ پائے ۔ واضح رہے کہ ٹروڈیو کی شریک حیات کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی کل ہی توثیق ہوئی تھی ۔ پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں نے اس معطلی سے اتفاق کیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ دو ہفتوں تک یہاں کوئی سشن نہیں ہوگا ۔ حکومت کے ہاوز لیڈر پبلو راڈرگیوز نے کہا کہ ان اقدامات سے پتہ چلتا ہے کہ ہماری حکومت اس وائرس سے نمٹنے میں کتنی سنجیدہ ہے ۔ پارلیمنٹ بند کردئے جانے سے کینیڈا کا بجٹ بھی اب 30 مارچ کو پیش نہیں کیا جاسکے گا جس کا وزیر فینانس نے اعلان کیا تھا ۔