کیپ ٹاؤن۔ 7جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ دوسرے ٹسٹ میں شاندار سنچری بناکر پاکستانی ٹیم کی شکست میں اہم رول ادا کرنیو الے کپتان فاف ڈوپلیسی اب تیسرے ٹسٹ میچ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ آئی سی سی نے سلو اووریٹ کی وجہ سے ڈوپلیسی کو اگلے ایک ٹسٹ میچ کیلئے معطل کردیا ہے اور میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بموجب دوسرے ٹسٹ میں سلو اوور ریٹ برقرار رکھنے کی پاداش میں کپتان کو ایک میچ کے لئے معطل اور میچ فیس کا 20 فیصد اور دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ہاشم آملہ کی پاکستان کیخلاف تیسرے اور آخری ٹسٹ میں شرکت غیر یقینی ہوگئی وہ کیپ ٹاؤن ٹسٹ کے چوتھے دن بیٹنگ کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کی گیند بازو پر لگنے سے زخمی ہوئے ۔