ڈوپلیسی نے جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کو خیرباد کہہ دیا

   

جوہانسبرگ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی ٹیم کے سینئر بیٹسمین فاپ ڈوپلیسی نے آج ٹسٹ اور ٹوئنٹی 20 ٹیم کی قیادت سے فوری طور پر سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ 35 سالہ ڈوپلیسی نے قیادت سے سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہیکہ ٹیم کو اس وقت نوجوان نسل کے قائد کی ضرورت ہے اور وہ نئی نسل کیلئے اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ ڈوپلیسی جن کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف منعقدہ سیریز میں وکٹ کیپر بیٹسمین ڈی کاک کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی جنہوں نے قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ انفرادی مظاہروں میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ ڈوپلیسی نے کہا کہ میں بہترین حالت میں ٹسٹ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں جن کی قیادت کرسکتا تھا لیکن اب حالات نوجوان کھلاڑی کیلئے قیادت چھوڑنا زیادہ مناسب ہے۔ ڈوپلیسی نے قیادت سے سبکدوشی کا اعلان کرنے کے علاوہ یہ واضح کردیا ہیکہ وہ مکمل طور پر فٹ اور توانائی سے بھرپور ہیں اور ٹیم میںبحیثیت کھلاڑی اس وقت تک کھیلنے کیلئے تیار ہیں جب تک کہ وہ ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کرتے رہیں گے۔ یاد رہے ڈوپلیسی کو انگلینڈ کے خلاف حالیہ اختتام پذیر ٹوئنٹی 20 سیریز میں آرام دیا گیا تھا جس میں ٹیم کو 2-1 کی شکست ہوئی۔