ڈوپ ٹسٹ میں ناکامی ،پرتھوی شا پر پابندی

   

نئی دہلی ۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے نوجوان ٹسٹ اوپنر اور ابھرتے ہوئے اسٹار پرتھوی شاکو ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 15نومبر 2019 تک معطل کر دیا ہے اور اس دوران وہ کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پرتھوی شا کے پیشاب کے نمونے میں ممنوعہ ادویہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس کے سبب انہیں معطل کیا گیا۔ واضح رہے کہ پرتھوی شا ان دنوں کولہے کی زخم کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انہیں دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ اس پابندی کے سبب نوجوان اوپنرجنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف 14نومبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔ 22فروری کو اندور میں سید مشتاق علی ٹرافی میں پنجاب کے خلاف میچ کے دوران پرتھوی کے پیشاب کے نمونے ٹسٹ کے لیے جمع کیے گئے تھے جس میں بعدازاں ممنوعہ ادویہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ اوپنر نے موقف اختیارکیا کہ انہوں نے جوکھانسی کی دوا استعمال کی تھی اس میں یہ ممنوعہ ادویہ پائی جاتی ہے۔ بی سی سی آئی نے طبی ماہرین سے مشورے کے بعد ان کی وضاحت کو قبول کرتے ہوئے ان پر صرف8 ماہ کی پابندی عائد کی ہے تاہم دوبارہ اس طرح کی غلطی کی صورت میں ان پر طویل مدت کے لیے پابندی لگائی جا سکتی ہے۔پرتھوی شا کے علاوہ ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر اکشے دلارور اور دیویا گجراج کو بھی معطل کردیا گیا ہے اور دونوں پر بالترتیب 8 اور 6 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔