نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو بھوٹان کے بادشاہ کے ساتھ دونوں ممالک کے قومی مفاد کے مسائل سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی۔ ڈوکلام پر بھوٹان کے وزیر اعظم کے حالیہ متنازعہ بیان اور وزیراعظم مودی اور بھوٹان کے بادشاہ کے درمیان بات چیت سے متعلق سوال پر وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک سیکورٹی کے معاملات پر مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بات چیت کے دوران ڈوکلام کا مسئلہ بھی سامنے آیا، خارجہ سکریٹری ونے کواترا نے کہا کہ ہندوستان اور بھوٹان سیکورٹی سے متعلق مسائل پر قریبی رابطے میں ہیں۔ کواترا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بھوٹان کے بادشاہ کا دورہ ہندوستان مختلف شعبوں میں ہمارے تعاون کو مزید وسعت دینے کا خاکہ تیار کرتا ہے۔ تھمپور پر اثر بڑھانے کی چین کی کوششویں کو لے کر نئی دہلی کی کچھ تشویشات کے درمیان بھوٹان کے بادشاہ نے پیر کو ہندوستان کا دو روزہ دورہ شروع کیا تھا ۔