ڈو پلیسی ٹاس جیتنے کیلئے کسی اورکو بھیجنے کے خواہاں

   

   رانچی۔ 18 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیاء میں لگاتار نو ٹاس ہارنے کے بعد مایوس جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلیسی ہندوستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹسٹ میں ٹاس کے لئے اپنی جگہ کسی اور کو بھیجنے میں کے خواہاں ہیں ۔ ہفتہ کو یہاں شروع  ہونے والے تیسرے ٹسٹ کیلئے مہمان کپتان ٹاس جیتنے کیلئے انوکھی حکمت عملی پر غور کررہے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستانی حالات میں کامیابی کیلئے جدوجہد کی ہے اور پہلے دو ٹسٹ میں ٹاس نہ جیتنے سے ان کے لئے مشکلات کو مزید بڑھا دیا تھا ۔ وشاکھاپٹنم اور پونے میں بیٹنگ کرنے کا انتخاب کرتے ہوئے ہندوستان نے 500 سے زیادہ کے مجموعی اسکور بنایا تھا ۔ ڈوپلیسی نے کہا کہ ہم واقعی اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہم اس ٹیم کے ساتھ ان کے اپنے حالات میں مقابلہ کریں۔ لہذا ، امید ہے کہ ہم کل ٹاس کے ساتھ ہی شروعات کر سکتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان نے مزید کہا کہ پچ قدرے تیز تر دکھائی دے رہی ہے لہذا پہلی اننگزمیں رنز اہم ثابت ہوں گے اور پھر دوسری اننگز میں وہاں سے کچھ بھی ممکن ہے۔