حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس نے ڈپازٹ کے نام پر دھوکہ دینے والی ایک خانگی دھوکہ باز کمپنی کو بے نقاب کردیا ۔ آر سی پورم اور اکنامک ایفنس ونگ نے میٹالوئیڈ ٹکنالوجی پرائیوٹ لمیٹیڈ مادھا پور کی دھوکہ دہی کا پردہ فاش کردیا ۔ سرمایہ داری کے نام پر اس کمپنی نے ڈپازیٹرس سے کروڑہا روپئے وصول کرلیے اور انہیں بڑے پیمانے پر زائد منافع کا جھانسہ دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کمپنی کی جانب سے تقریبا 3500 ڈپازیٹرس سے 50 کروڑ روپئے وصول کئے گئے اور یہ سارے ڈپازیٹرس ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس کمپنی کے خلاف تین مقدمات درج تھے ۔ مادھا پور ، رائے درگم اور آر سی پورم پولیس اس کمپنی اور اس کے ڈائرکٹر کی تلاش میں تھی ۔ پولیس نے 49 سالہ جنیت بسواس ایم ڈی میٹالوئیڈس Metalloids ٹکنالوجی پرائیوٹ لمیٹیڈ متوطن کولکتہ کو گرفتار کرلیا جب کہ اس کی بیوی جو کمپنی کی ایک ڈائرکٹر ہے موسمی بسواس و دیگر مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ زائد منافع ( ہائی ریٹرن ) کے نام پر اس نے اسکیم متعارف کیا ۔ گرفتار ایم ڈی نے سال 2016 میں راجستھان سے اپنا کاروبار شروع کیا اور تلنگانہ کا رخ کیا ۔ کمپنی میں سرمایہ کے نام پر اس نے گاہکوں کو متاثر کرنے کی اسکیمات بتائی اور 10 تا 100 فیصد منافع واپس کرنے کا لالچ دے کر سرمایہ کے لیے راغب کیا ۔ پولیس کے مطابق آسام ، ویزاگ ، کولکتہ ، انڈومان اور جے پور و دیگر مقامات پر اس نے دھوکہ دہی انجام دی ۔ پولیس نے مفرور افراد کی گرفتاری کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔۔ ع