ارکان صرف سوالات کریں تقاریر نہیں، پدماراؤ، مائیک کٹ کرنے پر آر بالاکشن کی ناراضگی
حیدرآباد ۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران آج ڈپٹی اسپیکر پدماراؤ اور حکمران ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی آر بالا کشن کے درمیان تیکھی نوک جھونک ہوگئی۔ وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی بالاکشن جب سوالات کررہے تھے، تب ڈپٹی اسپیکر نے ان کا مائیک کٹ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی رکن اسمبلی جی سنیتا کو مائیک دے دیا جس پر آر بالاکشن ناراض ہوکر بھڑک گئے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں کسی بھی مباحث کا حصہ بننے کا موقع نہیں ملتا۔ کم از کم وقفہ سوالات میں مسائل اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے تو اس میں بھی موقع فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جب سوالات کرنے کا موقع نہیں ہے تو انہیں سوال کیوں دیا جارہا ہے۔ وہ صرف سوال کررہے ہیں اس مسئلہ پر ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی۔ ڈپٹی اسپیکر پدماراؤ نے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کو جواب دیتے ہوئے صرف سوال کرنے، تقاریر نہ کرنے پر زور دیا۔ دیڑھ گھنٹہ میں 10 سوالات کے جوابات کو مکمل کرنا ہے۔ ارکان کو بھی اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔ تھوڑے وقت پر زیادہ سے زیادہ مسائل کو حل کرانے میں تعاون کریں۔ ڈپٹی اسپیکر کے دوٹوک انداز میں جواب دینے پر ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی خاموش اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔ن