ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ نے کانگریس رکن اسمبلی سریدھر بابو کے بیان پر اعتراض کیا

   

پان شاپ اور کرانہ شاپ میں شراب کی فرو خت کا الزام مسترد
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ گوڑ نے حیدرآباد میں شراب کی فروخت سے متعلق کانگریس رکن اسمبلی سریدھر بابو کے ریمارکس پر سخت اعتراض جتایا۔ اسمبلی میں محکمہ جات کے مطالبات زر پر مباحث کے دوران سریدھر بابو نے کہا کہ حیدرآباد شہر میں ہر پان شاپ اور ہر کرانہ شاپ بیلٹ شاپ میں تبدیل ہوچکے ہیں اور شراب کی غیر قانونی فروخت عام ہوچکی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ گوڑ نے اس بیان پر اعتراض جتایا۔ انہوں نے کہا کہ سریدھر بابو کو اس طرح کے بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کہیں بھی بیلٹ شاپ موجود نہیں ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اضلاع میں منڈل ہیڈکوارٹر پر ایک بیلٹ شاپ کی اجازت دی گئی ہے۔ 10 کیلو میٹر کی دوری پر وائن شاپ کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ شراب کی فروخت کو روکنے کیلئے حکومت نے یہ اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقام پر شہری اور دیہی علاقوں میں پان شاپ اور کرانہ شاپ میں شراب کی فروخت کی گنجائش نہیں ہے۔ میں نے سابق میں وزیر اکسائز کی حیثیت سے کام کیا ہے اور میں صورتحال سے بخوبی واقف ہوں۔ انہوں نے کانگریس رکن کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت پر تنقید کے دوران حقائق کو پیش نظر رکھیں۔ر