ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے بھی مسابقت کا امکان

   

بھوپال، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش اسمبلی میں اب ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لئے بھی انتخابات ہونے کا امکان ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کی امیدوار کانگریس کی حنا کانورے کی جانب سے آج اسمبلی سیکرٹریٹ میں اس کے لئے ضابطہ کے تحت پرچہ نامزگی داخل کیا گیا۔ اس موقع پر پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر گووند سنگھ اور دیگر کانگریس ممبر اسمبلی بھی موجود تھے ۔ اس کے قبل کل اسپیکر کے عہدے کے لئے ہونے والے الیکشن میں سینئر ممبر اسمبلی این پی پرجا پتی اسپیکر منتخب ہوئے ۔ ہنگامے کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔ اس درمیان مسٹر پرجاپتی 120 ووٹ حاصل کرکے اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے ۔ کانگریس قیادت نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اگر اسپیکر کے عہدے کے لئے انتخابات کی نوبت آتی ہے تو کانگریس ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لئے بھی امیدوار اتارے گی۔ ریاستی اسمبلی میں گزشتہ کئی برسوں سے روایت رہی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ اپوزیشن کے کسی رکن کو دیا جاتا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ روایت ہے ، کوئی اصول نہیں ہے ۔ مدھیہ پردیش کی نو تشکیل شدہ پندرہویں اسمبلی کے پہلے سیشن کا آج تیسرا دن ہے ۔ پہلے دن ممبران اسمبلی کو حلف دلایا گیا۔ دوسرے دن منگل کو اسمبلی کے اسپیکر کا الیکشن ہونے کے بعد گورنر نے خطاب کیا تھا۔