ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش امجد باشا کا دورہ حج ہائوز

,

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے ملاقات، اوقافی اور حج امور پر بات چیت
حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش امجد باشا نے وقف بورڈ پہنچ کر صدرنشین محمد سلیم اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اوقافی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدرنشین محمد سلیم نے ڈپٹی چیف منسٹر کا خیرمقدم کیا اور تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ وقف بورڈ کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ وہ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ اور آمدنی میں اضافہ کے بارے میں اقدامات سے واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کو ترقی دیتے ہوئے ان کی آمدنی مسلمانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جاسکتی ہے۔ آندھراپردیش میں حکومت اوقافی جائیدادوں کا نہ صرف تحفظ کرے گی بلکہ انہیں ڈیولپ کیا جائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے تلنگانہ حکومت کی اقلیتی بہبود اسکیمات سے واقف کرایا اور کہا کہ ہندوستان بھر میں تلنگانہ حکومت کی اسکیمات مثالی ہیں۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں اقلیتی بہبود کے لیے اس قدر بجٹ مختص نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے لیے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے اوقافی جائیدادوں کے ترقی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کو زائد اختیارات دیئے جائیں گے اور چیف منسٹر نے جوڈیشیل پاورس کا وعدہ کیا ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی برخاستگی کے علاوہ آمدنی میں اضافے کے لیے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ وقف جائیدادوں کی آمدنی سے بعض فلاحی اسکیمات کا منصوبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج ہائوز کی عمارت میں عازمین حج کے لیے تمام تر سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ زیر تعمیر کامپلکس میں عازمین کے قیام کی سہولت کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ عمارت کی اوپری منزلوں میں رہائش کا انتظام ہے۔ محمد سلیم نے ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش کو عمارت کا معائنہ کرایا اور کیمپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے آندھراپردیش کے عازمین حج کے لیے دی جارہی سہولتوں اور خدمات پر اظہار تشکر کیا۔