ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کا آر ٹی سی بس میں سفر

   

حکومت کی اسکیمات کے بارے میں عوام سے بات چیت
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کھمم میں آر ٹی سی کی پلے ویلوگو بس میں سفر کرتے ہوئے مسافرین سے حکومت کی کارکردگی اور سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں بات چیت کی۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم سے جگناتھ پورم تک ٹکٹ حاصل کرتے ہوئے سفر کیا۔ سفر کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے مسافرین سے بات چیت کی اور مہا لکشمی اسکیم پر عمل آوری اور اُس کے فوائد کے بارے میں استفسار کیا۔ اُنھوں نے حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی فلاحی اسکیمات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ خاتون مسافرین نے آر ٹی سی میں خواتین کے لئے مفت سفر کی سہولت کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ حکومت کے اِس فیصلے سے ماہانہ مناسب بچت ہورہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے بس کنڈکٹر شلیجہ سے زیرو ٹکٹ کی اجرائی کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ مفت سفر کرنے والی خواتین کو آر ٹی سی کی جانب سے زیرو ٹکٹ جاری کیا جاتا ہے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ خواتین کے لئے مفت سفر کی سہولت سے نہ صرف خاتون مسافرین کو فائدہ ہوا بلکہ آر ٹی سی کو استحکام ملا۔ حکومت نے مزید 300 نئی بسوں کا اضافہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ریاستی حکومت خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کے ارکان کو قرض فراہم کرنے پر غور کررہی ہے جس کے ذریعہ وہ بسیس خرید کر آر ٹی سی کو لیز پر دے سکتے ہیں۔ 1