ڈپٹی چیف منسٹر سے وزراء کی ملاقات میں کوئی قباحت نہیں : مہیش کمار گوڑ

   

کانگریس کو کویتا کی ضرورت نہیں، سنگارینی ٹنڈر معاملہ میڈیا کی اختراع
حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے نئی دہلی میں ملک کی تمام ریاستوں کے صدور پردیش کانگریس کمیٹیوں کے اجلاس میں شرکت کی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی اُمور کے سی وینو گوپال نے اجلاس طلب کیا جس میں پارٹی کے تنظیمی استحکام کا جائزہ لیا گیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے توثیق کی کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ امریکہ سے واپسی کے بعد کانگریس ہائی کمان سے تازہ ترین صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ اُنھوں نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کے ساتھ 3 وزراء کی ملاقات کے بارے میں میڈیا میں پھیلائی جارہی خبروں کو گمراہ کن قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جو ملاقات علی الاعلان ہوئی ہے اُسے رازدارانہ قرار دینا افسوسناک ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ چیف منسٹر کی غیر موجودگی میں ڈپٹی چیف منسٹر کے ساتھ وزراء کی ملاقات میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ اُنھوں نے وضاحت کی کہ انتظامی اُمور کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر سے وزراء نے ملاقات کی۔ میڈیا کے بعض گوشے اِس ملاقات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس پر الزام عائد کیاکہ وہ سنگارینی کالریز ٹنڈر معاملہ میں ٹھوس ثبوت کے بغیر حکومت پر الزام تراشی کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس حکومت کو گھیرنے کے لئے کوئی مسائل نہیں ہیں لہذا بے بنیاد الزامات کا سہارا لیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں بے قاعدگیوں کی جامع تحقیقات کی جارہی ہیں اور اسی کے تحت فون ٹیاپنگ معاملہ کی جانچ جاری ہے۔ کویتا کی کانگریس میں شمولیت کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس نے کہاکہ کویتا کی شمولیت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس قائدین کویتا کے الزامات کا جواب دینے کے بجائے حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ کویتا نے خود انکشاف کیاکہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے بعض افراد کو پہنچانے کے لئے کنٹراکٹ الاٹ کئے تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ بی جے پی لاکھ کوشش کرلے لیکن تلنگانہ میں برسر اقتدار نہیں آسکتی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی سیاسی صورتحال کرناٹک سے مختلف ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا بھی صفایا ہوچکا ہے۔ تنظیمی اُمور پر تبصرہ کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ 2 ضلع کانگریس صدور اور مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر کا انتخاب ابھی باقی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس قائدین سوشل میڈیا کے ذریعہ حکومت کے خلاف مہم چلارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نظام آباد ضلع میں مجالس مقامی چناؤ میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کویتا علیحدہ پارٹی کے قیام کے ذریعہ انتخابات میں حصہ لینے پر غور کررہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کول بلاک ٹنڈر معاملہ میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور یہ محض میڈیا کی اختراع ہے۔1