اسوسی ایشن کی چیف سکریٹری سے نمائندگی، مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی اپیل
حیدرآباد: تلنگانہ کے ڈپٹی کلکٹرس اسوسی ایشن کے نمائندوں نے چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کرتے ہوئے دیرینہ مطالبات پر مبنی یادداشت پیش کی۔ اسوسی ایشن کے قائدین کے چندر موہن ، ڈی سرینواس ریڈی ، اے بھاسکر راؤ اور دوسروں نے چیف سکریٹری کو ڈپٹی کلکٹرس کو درپیش مسال سے واقف کرایا ۔ اسوسی ایشن نے اراضی سے متعلق ریکارڈ بہتر بنانے کیلئے نئی قانون سازی اور دھرانی ویب سائیٹ کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے طریقہ کار سے کی صورت میں کسانوں کے مفادات کا تحفظ ہوپائے گا اور ایک دن میں پاس بک جاری کردی جائے گی۔ اسوسی ایشن نے ریونیو ڈپارٹمنٹ میں بڑے پیمانہ پر اصلاحات کی تائید کی۔ چیف سکریٹری کو بتایا گیا کہ اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹرس کے عہدے طویل عرصہ سے خالی ہیں۔ لہذا اہل ڈپٹی کلکٹرس و تحصیلداروں کو ترقی دی جائے۔ انہوں نے سلیکشن گریڈ ڈپٹی کلکٹر کیڈر کے تحت ایڈیشنل کلکٹر کے عہدے قائم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ مختلف اضلاع میں بہتر نظم و نسق کیلئے یہ فیصلہ ضروری ہے ۔ انہوں نے پوسٹنگ کے انتظار میں موجود عہدیداروں کو مناسب عہدے دیئے جانے کی سفارش کی۔ انہوں نے آئی اے ایس کیڈر کیلئے ڈپٹی کلکٹر کی خدمات کو غور کرنے کی سفارش کی۔ اسوسی ایشن نے تمام آر ڈی اوز اور ایڈیشنل کلکٹرس کے لئے رہائشی کوارٹرس کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ عہدیداروں کو نئے قوانین اور اصلاحات کے بارے میں واقف کرانے کیلئے دو مہ کی ٹریننگ دینے کی اپیل کی۔ اسوسی ایشن نے کہا کہ ریاست میں 79 اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹرس اور 150 ڈپٹی کلکٹرس خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 45 تا 50 جائیدادوں کو سلیکشن گریڈ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
