ڈپٹی کمشنر گلبرگہ وی وی جیوتسنا کا دیہاتوں میں دورہ

   


گلبرگہ 20فبروری :شہر میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گلبرگہ محترمہ وی وی جیوتسنا نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے دفتری مشنری اوردیہی عوام کے درمیان واقع خلا کو پر کرنے کیلئے ایک نیا کار آمد پروگرم شروع کیا ہے ۔اس پروگرام کے مطابق ہر مہینہ کے تیسرے ہفتہ کے دن ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور ہر تعلقہ کے تحصیل دار کو اپنے ضلع کے متعلقہ کمزور ترین دیہات میں ایک دن کے لئے قیام کرنا پڑے گا۔ اس ضمن میں مرد عہدہ داران کو اس گائوں میں رات میںبھی قیام کرنا ہوگا جب کہ خاتون عہدہ داران کو 10بجے دن سے شام 5بجے تک قیام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وہ سب سے پہلے ضلع گلبرگہ کے سب سے پسماندہ دیہات کونچاورم میں ایک دن کے لئے قیام کریں گی اس موقع پر کئی ایک ضلعی سطح کے عہدہ داران بشمول اسسٹنٹ کمشنر سیڑم ، تحصیل دار چنچولی و دیگر عوامی شکایات و مسائل کی سماعت کے موقع پر ان کی مدد کریں گے ۔ پروگرام کے مطابق اس بار ڈپٹی کمشنر کونچاورم میں قیام کریں گی ۔ سیڑم کے تحصیل دار گوڈن ہلی میں ، چیتاپور کے تحصیل دار گنگرتی میں ، شاہ آبادکے تحصیل دار الادی ہال میں ، گلبرگہ کے تحصیلدار اوراد Bمیں کملاپور کے تحصیل دار ڈونگر گائوں میں ، کالگی کے تحصیل دار رٹکل میں الند کے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار ننداگور میں ، افضل پور کے تحصیل دار ریوورB میں جیورگی کے تحصیل دار رجوال اور یڈرامی کے تحصیل دار منگالورمیں قیام کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر گلبرگہ محترمہ وی وی جیوتسنا نے اپنے پروگرام کے مطابق آج بروز ہفتہ ضلع گلبرگہ کے پسماندہ دیہات کونچاورم میں قیام کرتے ہوئے عوامی مسائل اور شکایات سے متعلق نمائیندگیاں قبول کیں اور مقامی افراد سے تبادلہ خیال کیا ۔