لندن : نیدرلینڈز کے شمالی ساحلی علاقے میں سفر کرنے والے کارگو شپ میںآگ لگنے سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، عملے کے کئی افراد نے جہاز سے نیچے کود کر جان بچائی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ایملنیڈ کے ڈچ جزیرے کے قریب پیش آیا جہاں ایک کارگو جہاز میں 3 ہزار گاڑیاں موجود تھیں۔ ڈچ کوسٹ گارڈ کے مطابق پاناما کے کارگو شپ میں 25 الیکٹرک گاڑیوں سمیت 2 ہزار857 گاڑیاں جرمنی سے مصر لے جائی جا رہی تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز میں عملہ بھی موجود تھا اور آگ کے نتیجے میں جہاز کا ملاح ہلاک اور 22 افراد متاثر ہوئے ہیں جنہیں سانس میں دشواری، جھلسنے سمیت دیگر زخموں کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ یہ حادثہ بحیرہ شمالی کے ایسے علاقے میں پیش آیا ہے جسے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا ہے اور آگ بجھانے کیلئے آپریشن جاری ہے۔اس موقع پر ڈچ کوسٹ گارڈ کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ جہاز میں موجود 25 الیکٹرک گاڑیوں میں سے کسی ایک کی وجہ سے پیش آیا ہے۔کوسٹ گارڈ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آگ ابھی کچھ دن تک بھڑکتی رہے گی، ریسکیو آپریشن کے دوران آگ کو بجھانے کیلئے جہاز پر پانی ڈالا ہے لیکن جہاز کے ڈوبنے کے خطرے کے پیش نظر زیادہ پانی ڈالنے سے گریز کیا جارہا ہے۔مال بردار جہاز شمالی جرمنی کی بریمرہیون بندرگاہ سے منگل کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 15:00 بجے مصر کے پورٹ سعید کے لیے روانہ ہوا تھا اور رات کے وقت اس جہاز کو حادثہ پیش آیا جبکہ جہاز کے عملے نے آگ کو بجھانے کی کوشش بھی کی لیکن انہیں ناکامی کا سامنا رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ جہاز کو دیگر جہازوں کے راستے سے ہٹانے کیلئے ٹگ بوٹ کا استعمال بھی کیا جارہا ہے۔