بیجنگ: آپ نے ڈکیتی کے بہت سے واقعات دیکھے ہوں گے جہاں چور پکڑا گیا ہو، مگر چین میں اپنی نوعیت کا ایک الگ واقعہ پیش آیا جہاں چور ڈکیتی کے دوران نیند آنے پر سو گیا اور پکڑا گیا۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایک ڈاکو 8 نومبر کی رات جنوب مغربی چین کے صوبہ ہونان کے ایک گھر میں داخل ہوا، لیکن اندر سے لوگوں کی آوازیں سن کر وہ گھبرا گیا۔ لہٰذا اس نے گھر کے مالکان کے سونے تک الگ کمرے میں انتظار کرنے کا فیصلہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم نے انتظار کرنے کے دوران سگریٹ سلگایا اور پھر سو گیا۔ کچھ دیر بعد جب گھر کی مالکہ، جن کا نام تانگ بتایا جاتا ہے، سونے گئیں تو انہیں زوردار خراٹوں کی آواز نے جگا دیا، جسے انہوں نے ابتدائی طور پر یہ سمجھ کر نظر انداز کر دیا کہ یہ آواز کسی پڑوسی کے گھر سے آ رہی ہے۔