ڈگریاں کافی نہیں ، ایمانی عقائد کا تحفظ ضروری، رب کو بھلانا عظیم جرم

   

اذان کا احترام نہ کرنے کی وجہ باطل کے ذریعہ رسوائی ، ملکاپور میں مسجد کا افتتاح ، مفتی سعید اکبر نقشبندی کا خطاب

کاماریڈی ۔ 7 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اللہ نے اپنی بندگی اور معرفت کے لئے انسان کو پیدا کیا، چنانچہ اپنے اندر مقام احسان پیدا کریں، اور یہ رجوع الی اللہ، تعلق مع اللہ یعنی مسجدوں کو آباد اور نمازوں کے ادا کرنے سے حاصل ہوتی ہیں۔ اُمت مشکل حالات سے گذر رہی ہے، اس لیے مسجدوں کو  آباد کریں، مسجدیں اذان، نماز، اذکار اور تعلیمی حلقوں سے آباد ہوتی ہیں، جس سے پورے علاقے میں ہدایت کی ہوا چلتی ہے، اللہ نے انسانوں اور جنات کو اپنی عبادت اور بندگی اور معرفت کیلئے پیدا کیا، مقصد زندگی کو پہچاننا ضروری ہے، ورنہ یہ گناہ ہے اور رب کو بھلانے کا جرم عظیم بھی ہے۔ کاماریڈی ضلع کے منڈل بی بی پیٹ کے موضع ملکاپور میں مجلسِ تحفظ ختم نبوت کاماریڈی کی زیرنگرانی مسجد حضرت مولانا یوسف کاندھلویؒ کی تعمیر فرزندان حافظ محمد عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے حسن تعاون سے مکمل ہوئی، جس کے افتتاحی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی سعید اکبر نقشبندی نے ان خیالات کا اظہار کیا، اور سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نماز کی پابندی سے روزی میں برکتیں ملتی ہیں، جیسے مقناطیس لوہے کو کھینچتا ہے؛ اسی طرح نماز کی برکت سے روزی کی برکات ملتی ہیں۔ مسلمان آج اذان کی بے تکریمی میں ملوث ہے تو اللہ نے اہلِ باطل کے ذریعے رسوائی میں مبتلا کردیا ہے، اذان کا احترام کریں، رب کی پکار یعنی اذان کی طرف توجہ دیں، اذان کا جواب دینے کو لازم پکڑیں، مشائخ نے کہا کہ اذان کے جواب سے مرتے وقت حسن خاتمہ نصیب ہوتا ہے، مسجد کی صفائی کا خیال رکھیں۔اللہ کے نزدیک معزز وہ ہے جسے ہر کام اور ہر عمل میں اللہ کا استحضار رہے، عورتوں کے مکاتب کی فکر کریں، بھلے ہفتہ واری ہی کیوں نہ ہو، کیونکہ مستورات کی تعلیم و ترتیب ضروری ہے، رسومات خرافات عورتوں سے ہی آتے ہیں، اور آج دلوں میں عظمت ایمانی نہ ہونے کی وجہ سے ہماری لڑکیاں مرتد ہوکر غیروں سے شادیاں کررہی ہیں، فیاضی فتنہ قرآن کے نام پر عملیاتی لائن سے عورتوں کے واسطے سے آرہا ہے، اسی لیے خواتین اپنے بچوں کے عقائد پر نظر رکھیں، ڈگریاں ہی کافی نہیں ہوتی ہیں، ایمانی عقائد کا تحفظ ضروری ہے۔ پیام انسانیات کو عام کریں، برادران وطن کے ساتھ پرسکون رہیں اور امن و شانتی کی ترغیب دیتے رہیں، اخوت ایمانی پیدا کریں۔ مفتی منور حیدرآباد نے بحیثیت مہمان مقرر شرکت کی اور کہا کہ رجب المرجب کا مہینہ قبولیت دعا کا مہینہ ہے، اس میں خوب دعائیں مانگیں، آنے والے رمضان کی قدر، اور اسکی عبادتوں کے اہتمام کا ارادہ کرلیں، اسکی آسانی کیلئے دعائیں مانگیں، اور ابھی ارادہ کریں کہ جس طرح رمضان میں مسجدوں کو آباد کرتے ہیں، اسی طرح پورے سال آبادی کی فکر کریں گے، جناب انور نے کہا کہ سنتوں کی پابندی کریں، اعمال کی حفاظت کریں، برائیوں سے اجتناب کریں، حقوق العباد کی ادائیگی کی فکر کریں، ورنہ عنداللہ ماخوذ ہوں گے، حافظ محمد فہیم الدین منیری ناظم مجلس نے کہا کہ اس پر فتن دور میں جبکہ ہر لمحہ فتنہ رونما ہورہا ہے، بھولے بھالے مسلمانوں کے ایمان و عقائد پر ڈاکہ زنی کی جارہی ہے، اس لیے ہمیشہ ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔تاج ختم نبوت کی حفاظت ہمارا اولین فریضہ ہے، ہر ایک سے اس کے متعلق پوچھا جائے گا۔ مولانا نظرالحق قاسمی نگران مجلس نے مجلس تحفظ ختم نبوت کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی جس کی صدارت وقیادت مولانا ابرارالحسن رحمانی قاسمی فرمارہے ہیں، اس کے تحت تین اضلاع کاماریڈی، سرسلہ اور میدک کے مختلف مقامات پر 84 مکاتب کے ذریعہ لوگوں کے ایمان وعقائد کے تحفظ کا کام پچھلے بیس سال سے زائد 67 معلمین کی خدمات کے ساتھ ہورا ہے ۔ضرورت ہے کہ مجلس سے مربوط ہوکر جانی، مالی تعاون پیش کریں، حافظ انتظار صاحب امام وخطیب مسجد بلال کاماریڈی نے افتتاحی کلمات پیش کئے ، مولانا منظور مظاہری نے نظامت کے فرائض انجام دئیے، جبکہ جلسہ کا آغاز قاری عظمت کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، طلباء مکتب جامع مسجد بی بی پیٹ وملکا پور نے بہترین تعلیمی مظاہرہ بھی پیش کیا، اس موقع پر الحاج سید عظمت علی، الحاج عبدالواجد علی، میر فاروق علی، محمد آصف وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا، محمد عباداللہ، عبدالرزاق، محمد فیروز الدین، حمزہ بھائی، بابا فخرالدین، سید کالو، ودیگر موجود تھے، شیخ اسماعیل، محمد عبدالرحیم نگران تعمیر مسجد نے مہمانوں کا استقبال کیا، فرزندان حافظ محمد عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، مفتی محمد خواجہ شریف مظاہری ترجمان مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی نے مسجد کی تعمیر و توسیع میں اور آج کے اجلاس کی کامیابی کے لئے جو محنتیں کئے ہیں، جدوجہد کئے ہیں ان تمام کا شکریہ ادا کیا، علماء کرام، حفاظ کرام، صدور مساجد کے علاؤہ اطراف و اکناف اور دور دراز سے ختم نبوت کے پروانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ملکاپور سے تعلق رکھنے والے برادرانِ وطن سرپنچ گرام پنچایت وارڈ ممبرز کے علاہ دیگر احباب نے شرکت کی اور تعمیر مسجد پر ذمہ داران کو کلمات تحسین پیش کیا۔