حیدرآباد : تلنگانہ ہائی کورٹ نے آج ریاست میں ڈگری اور پی جی امتحانات منعقد کرنے کے لئے حکومت کو ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ عدالت نے یہ واضح کیاکہ امتحانات کا انعقاد ریاستی حکومت کا پالیسی فیصلہ ہے اور وہ اُس میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ ہائیکورٹ کی ڈیویژن بنچ نے حکومت اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ کوویڈ۔ 19 کے قواعد پر عمل کرتے ہوئے امتحانات کا انعقاد عمل میں لائے۔ کورونا وائرس وباء کے دوران امتحانات کے انعقاد کے خلاف دائر کی گئی مفاد عامہ کی کئی درخواستوں کی سماعت کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔