ڈگری امتحانات کے تعلق سے آئندہ ہفتے قطعی فیصلے کا امکان

   

حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) ڈگری طلبہ کے مستقبل اور امتحانات کے متعلق حکومت آئندہ ہفتہ قطعی فیصلہ کریگی۔ کہا جار ہاہے کہ سال اول و دوم طلبہ کو بغیر امتحانات کے اگلی جماعت میں داخل کیا جائیگا اور سال آخر امتحانات کے سلسلہ میں حکمت عملی اور تجاویز حکومت کو روانہ کر دی گئی ہیں۔ ان تجاویز میں ڈگری اور انجنیئرنگ سال آخر کیلئے ایک یوم کا امتحان منعقد کرکے ان کی بنیاد پر کامیاب کرنے کے علاوہ روایتی امتحانات کے انعقاد پر غور کیا جا رہاہے ۔ کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے قطعی فیصلہ کے بعد کچھ کیاجائیگا۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ طلبہ کے مستقبل کے سلسلہ میں جامعات اور اعلی تعلیمات کونسل کی جانب سے جو تجاویز تیار کی گئی ہیں ان کو عملی جامہ پہنانے وزیر تعلیم اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے مشاورت شروع کی جاچکی ہے ۔ کہا جار ہا ہے کہ چند یوم میں فیصلہ کے بعد طلبہ کو راحت ہوگی۔ حکومت کی جانب سے طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانے کے علاوہ ان کو بہتر تعلیم کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جن طلبہ کواگلی جماعتوں میں داخلہ کی اجازت دی جا رہی ہے ان کو تعلیم پر توجہ کی ضرو رت ہے اور سال آخر کے طلبہ کو بغیر امتحانات پاس کرنے کے امکانات نہ ہونے کے سبب مختلف جامعات کے ذمہ داروں سے مشاورت کی جا رہی ہے کہ امتحانات کس طرح منعقد کئے جائیں اور اگر لاک ڈاؤن میں توسیع ہو تو امتحان کے انعقاد کی کوئی راہ باقی نہیں رہتی اسی لئے یہ کہنا بھی مناسب نہیں ہوگا کہ حکومت کی جانب سے سال آخر کے امتحانا ت کا انعقاد عمل میں لانے اقدامات نہ کئے جائیں بلکہ حکومت کو روانہ تجاویز کے مطابق تمام مضامین پر مشتمل روایتی امتحانات کے علاوہ ایک یوم کے امتحانات کے سلسلہ میں حکومت سے فیصلہ کیا جائے گا اور اس فیصلہ پر عمل آوری کرتے ہوئے امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔