ڈگری اور پوسٹ گریجویشن امتحانات کا اگست میں انعقاد

   

کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی تیاریاں، عنقریب امتحانی شیڈول کی اجرائی
حیدرآباد: محکمہ تعلیم نے اگست میں ڈگری اور پوسٹ گریجویشن فائنل ایئر امتحانات کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کیا ہے ۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے ستمبر کے اواخر تک فائنل ایئر ڈگری امتحانات کے انعقاد کے فیصلہ کے بعد محکمہ تعلیم نے اگست کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں امتحانات کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کا اجلاس بہت جلد منعقد ہوگا جس میں امتحانات کا شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی گائیڈلائینس کے مطابق سمسٹر یا فائنل امتحانات کے ایسے طلبہ جو امتحانات میں شرکت سے قاصر رہیں ، انہیں اسپیشل اگزامس میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ فائنل ایئر ڈگری امتحانات میں ایک لاکھ 50 ہزار طلبہ جبکہ انڈر گریجویٹ پروفیشنل پروگرامس کے تحت 50 ہزار تا 60 ہزار طلبہ شرکت کریں گے۔ امتحانات تین گھنٹے کے بجائے دو گھنٹے کے لئے رہیں گے۔ طلبہ کو پرچہ سوالات میں جوابات کے سلسلہ میں آپشن دیا جائے گا۔ جے این ٹی یو حیدرآباد کے طلبہ کو 8 سوالات میں 4 لکھنے کی اجازت رہے گی اور مختصر سوالات میں کوئی لازمی سیکشن نہیں رہے گا۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے ذرائع نے اعتراف کیا کہ انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات کے اگست میں انعقاد کا امکان ہے ۔ انڈر گریجویٹ فائنل امتحانات پہلے منعقد ہوں گے جس کے بعد پوسٹ گریجویٹ امتحانات ہوں گے۔