اندرون تین ہفتے جواب داخل کرنے حکومت کو ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ میں ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات کو منسوخ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم (این ایس یو آئی) کے ریاستی صدر وینکٹ نے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی ہے جس کی آج سماعت کی گئی ۔ حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی گائیڈ لائینس کے مطابق امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کی منسوخی ممکن نہیں ہے ۔ آئندہ دو تین ہفتوں میں امتحانی شیڈول کو قطعیت دے دی جائے گی ۔ درخواست گزار کے وکیل دامودر ریڈی نے کہا کہ انٹرنل مارکس کی بنیاد پر امتحانات کے بغیر طلبہ کو گریڈنگ دی جائے کیونکہ کورونا کی صورت حال میں امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو جی سی کی گائیڈ لائینس حکومت کیلئے صرف ایک تجویز ہے جس پر عمل آوری ضروری نہیں ۔ ملک کی 8 ریاستوں نے ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات کو منسوخ کردیا ہے۔ فریقین کی دلائل کے سماعت کے بعد آئندہ تین ہفتوں میں تفصیلی حلفنامہ داخل کرنے کی حکومت کو ہدایت دیتے ہوئے سماعت کو ملتوی کردیا۔