ڈگری کالجس میں مخلوعہ نشستوں کو پُر کرنے کل سے رجسٹریشن کا آغاز

   

دوست کونسلنگ رجسٹریشن کی سہولت ، وزیر تعلیم کی ہدایت پر محکمہ اعلیٰ تعلیم کافیصلہ

حیدرآباد /8 اگست ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ کے ڈگری کالجوں میں داخلوں سے متعلق دوبارہ رجسٹریشن کے عمل کا آغاز کرنے کا ریاستی محکمہ اعلی تعلیم نے فیصلہ کرتے ہوئے 9 اگست سے پھر ایک مرتبہ دوست کونسلنگ رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا ۔ وزیر تعلیم مسٹر جگدیش ریڈی نے ڈگری کورسیس میں داخلوں سے متعلق طلبہ کے غیر اطمینان بخش ردعمل کی وجہ سے محکمہ اعلی تعلیم اور پرائیویٹ ڈگری کالجس منیجمنٹس اسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کرکے مختلف مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا اور دوبارہ ایک اور مرتبہ دوست رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو وزیر نے ضروری ہدایات دیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر کی ہدایات پر فوری عمل کرتے ہوئے کنوینر دوست کونسلنگ پروفیسر آر لمبادری نے دوست رجسٹریشن سے متعلق شیڈول جاری کیا اور اس شیڈول کی تکمیل کے باوجود نشستیں باقی رہ جانے پر کالجوں کے انتظامیوں کو ’’ اسپاٹ کونسلنگ‘‘ منعقد کرنے کی اجازت دینے سے وزیر نے رضامندی کا اظہار کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن پر ہوئے مباحث کے موقع پر گذشتہ سال بعض کالجوں کو مسلمہ موقف فراہم کیا گیا تھا ۔ لیکن اس مرتبہ کوئی تبدیلی نہ ہونے کے باوجود مسلمہ موقف نہ دئے جانے کی پرائیویٹ کالجس اسوسی ایشن کے نمائندوں مسرس پرکاش اور رمنا ریڈی و پرمیشور راؤ نے وجیہ دریافت کی اور بتایا کہ اب تک داخلے حاصل کئے ہوئے طلباء و طالبات کی مکمل تفصیلات درج کرنے کیلئے بھی لاگ ان ‘‘ نہ دئے جانے سے بھی ان نمائندوں نے وزیر کو واقف کروایا جس پر آئندہ دو تین یوم میں لاگ ان ‘‘دینے سے عہدیداران بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے اتفاق کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دوست رجسٹریشن کا عمل 9 تا 13 اگست جاری رہے گا اور اس دوران ہی ویب آپشنس بھی دئے جاسکتے ہیں ۔ جبکہ 14 اگست کو نشستوں کا الاٹمنٹ کیا جائے گا ۔ بعد ازاں 14 تا 16 اگست تک آن لائین فیس داخل کرکے از خود طلباء متعلقہ کالجوں میں داخلے حاصل کرلینے سے متعلق رپورٹنگ کرنا ہوگا ۔ اس طرح حکومت نے ڈگری کورسیس میں داخلوں کا رحجان انتہائی مایوس کن رہنے کی وجہ سے دوبارہ ایک اور مرتبہ دوست رجسٹریشن کرواتے ہوئے داخلوں کے حصول کا طلباء و طالبات کو موقع فراہم کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت ریاست کے ڈگری کالجوں میں زائد از دو لاکھ نشستیں مخلوعہ ہیں ۔ مذکورہ منعقدہ اجلاس میں پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی ، کمشنر ریاستی محکمہ کالجسٹ ایجوکیشن مسٹر نوین متل ، سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک اور کنوینر دوست کونسلنگ پروفیسر لمبادری و دیگر بھی شریک تھے ۔