ڈگری کورسس میں داخلہ کیلئے آن لائین شیڈول جاری

   

یکم جولائی سے رجسٹریشن کی سہولت، تین مرحلوں میں داخلوں کی گنجائش
حیدرآباد ۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے ڈگری کورسس میں داخلہ کیلئے آن لائین سرویسس تلنگانہ DOST ویب سائیٹ پر شیڈول جاری کردیا ہے۔ عثمانیہ ، کاکتیہ ، تلنگانہ ، مہاتما گاندھی ، پالمور اور ساتاواہنا یونیورسٹیز میں تعلیمی سال 2020-21 میں تمام انڈر گریجویٹ کورسس میں داخلوں کے لئے آن لائین درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ بی اے ، بی ایس سی ، بی کام ، بی کام ووکیشنل ، بی کام آنرس ، بی ایس ڈبلیو ، بی بی اے ، بی بی ایم ، بی سی اے اور دیگر کورسس میں داخلوں کے لئے امیدواروں کو آن لائین رجسٹریشن کروانا ہوگا ۔ انٹرمیڈیٹ امتحان میں کامیاب امیدوار یا اس کے مساوی کسی مسلمہ امتحان میں کامیاب امیدوار داخلہ کے اہل ہوں گے۔ تمام کالجس اور کورسس میں ایک یا زائد یونیورسٹیز کے لئے ون ٹائم رجسٹریشن کی فیس 200 روپئے مقرر کی گئی ہے جسے کریڈٹ کارڈ ، ڈبٹ کارڈ ، نیٹ بینکنگ اور ٹی وائیلٹ کے ذریعہ ادا کیا جاسکتا ہے۔ امیدوار مزید تفصیلات ویب سائیٹ https://dost.cgg.gov.in پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔ 200 روپئے رجسٹریشن فیس کے ساتھ پہلے مرحلہ کا رجسٹریشن یکم جولائی تا 14 جولائی کیا جاسکتا ہے۔ ویب آپشن کی سہولت 6 جولائی تا 15 جولائی دستیاب رہے گی۔ اسپیشل کیٹیگری سرٹیفکٹس کی جانچ تمام یونیورسٹیز کے ہیلپ لائین سنٹرس پر 13 اور 14 جولائی کو کی جائے گی ۔ پہلے مرحلہ کا سیٹ الاٹمنٹ 22 جولائی کو ہوگا۔ کالج فیس اور سیٹ ریزرویشن فیس کی آن لائین ادائیگی 23 تا 27 جولائی کی جاسکتی ہے۔ دوسرے مرحلہ کا رجسٹریشن 400 روپئے فیس کے ساتھ 23 تا 29 جولائی کیا جاسکتا ہے۔ تیسرے مرحلہ کا رجسٹریشن 400 روپئے فیس کے ساتھ 8 تا 13 اگست کیا جاسکے گا۔ سمسٹر 1 کی کلاسس کا یکم ستمبر سے آغاز ہوگا۔ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نوین متل آئی اے ایس اور پروفیسر آر لمبادری کنوینر dost نے آن لائین ایڈمیشن کا شیڈولڈ جاری کیا ہے۔